Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان 105 رنز پر ڈھیر، پونے ٹسٹ میں شکست کا خطرہ

ہندوستان 105 رنز پر ڈھیر، پونے ٹسٹ میں شکست کا خطرہ

پونے ۔ 24 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) اسٹیو اوکیفی نے اپنے کیرئیر کی شاندار بولنگ کرتے ہوئے ہندوستان کو 105 رنز پر ڈھیر کیا ، جس کے بعد مہمان کپتان اسٹیو اسمتھ نے ناقابل تسخیر نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو یہاں کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے دوسرے ہی دن 298 رنز کی سبقت ایک ایسی وکٹ پر دلوادی ہے جہاں ہندوستان نے صرف 11 رنز کے اضافہ میں 7 وکٹیں گنوائی ہیں۔ آج کھیل کا آغاز آسٹریلیائی ٹیم نے اپنے کل کے اسکور 256/9 سے کیا اور اس کی پہلی اننگز آج صبح محض 5 گیندوں طویل ہی ثابت ہوئی جس میں کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین میچل اسٹارک نے ایک چوکا لگاتے ہوئے اپنے انفرادی اسکور کو 61 اور ٹیم کے مجموعی اسکور کو 260رنز تک پہونچایا ۔ ہندوستان کیلئے اُمیش یادو نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آج کی آخری وکٹ روی چندرن اشون نے اپنے کھاتے میں درج کروائی ۔ آسٹریلیائی ٹیم کو پہلی اننگز میں 260 رنز پر آل آؤٹ کرنے کے بعد اُمید کی جارہی تھی کہ ہندوستانی ٹیم پہلی اننگز میں سبقت حاصل کرلے گی ، لیکن 44 کے مجموعی اسکور پر مرلی وجئے ، چیتشور پجارا اور ویراٹ کوہلی پویلین لوٹ گئے ۔ جوش ہیزل ووڈ نے جہاں مرلی وجئے کو 10 رنز کے انفرادی اسکور پر وکٹوں کے پیچھے آؤٹ کراتے ہوئے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلوائی وہیں ٹیم کے اہم ستون تصور کئے جانے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر میچل اسٹارک نے ایک ہی اوور میں پجارا (6) اور مسلسل ڈبل سنچریاں اسکور کرنے والے قومی کپتان کو کوئی رن بنانے کا موقع دیئے بغیر پویلین کی راہ دکھائی ۔ ابتدائی جھٹکوں کے بعد کے ایل راہول ، اجنکیا رہانے نے چوتھی وکٹ کیلئے 50 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کی اننگز کو سہارا دیا لیکن او کیفی نے اپنے کیرئیر کی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ وکٹیں 35 رنز کے عوض حاصل کیں جبکہ ہندوستانی ٹیم نے 11 رنز کے اضافہ پر اپنی مابقی 7 وکٹیں گنوائیں۔ راہول نے 97 گیندوں کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے 64 رنز اسکور کئے جبکہ رہانے 13 رنز اسکور کرپائے ۔ اشوین (1) ، وردھمان ساہا (0) ، رویندر جڈیجہ (2)، جیئنت یادو (2) ، اُمیش یادو (4) اور ایشانت شرما ایک رن کا ہی اضافہ کرپائے ۔ پہلی اننگز میں 155 رنز کی قیمتی سبقت ملنے کے بعد آسٹریلیائی ٹیم کو پہلی وکٹ 10 رنز کے اضافہ پر وارنر (10) کی شکل میں گنوانی پڑی جس کے بعد 23 کے مجموعی اسکور پر اننگز کا آغاز کرنے آئے شان مارش (0) بھی جلد پویلین لوٹ گئے ، لیکن اسمتھ نے 117 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 59ر نز اسکور کرنے کے علاوہ ہینڈس کمب (19) ، رائنشا (31) اور مچل مارش کے ناقابل تسخیر 21 رنز کے ساتھ اہم پارٹنرشپ نبھائی ۔

TOPPOPULARRECENT