Friday , August 18 2017
Home / ہندوستان / ہندوستان 8 ویں برکس چوٹی کانفرنس کی میزبانی کرے گا

ہندوستان 8 ویں برکس چوٹی کانفرنس کی میزبانی کرے گا

نئی دہلی ۔ 22 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی جانب سے گوا میں 15 اور 16 اکٹوبر کو برکس چوٹی کانفرنس کی میزبانی کی جائے گی ۔ 8 ویں سالانہ چوٹی کانفرنس کا انعقاد گوا میں ہورہا ہے جس میں برکس کے پانچ رکن ملکوں پر مشتمل بااثر بلاک کے نمائندے شرکت کریں گے ۔ یہ گروپ ساری دنیا کی آبادی کا 42 فیصد پر مشتمل ہے اور اس کی سالانہ پیداوار 16 ٹرائلین امریکی ڈالر ہے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج یہاں ایک تقریب میں برکس چوٹی کانفرنس کی میزبانی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہند کی جانب سے اس کانفرنس کی میزبانی کی جارہی ہے اس کے لئے لوگو اور ویب سائیٹ کا بھی رسم اجراء عمل میں آئے گا ۔ ہندوستان نے برکس ( برازیل ، روس ، ہند ، چین ، جنوبی افریقہ ) کی چیرمین شپ قبول کی ہے اور یہ ذمہ داری 15 فبروری کو روس سے حاصل کی گئی اور وہ 31 ڈسمبر تک برکس کے چیرمین کی حیثیت سے برقرار رہے گا ۔ سشما سوراج نے کہا کہ میں روسی فیڈریشن کو مبارکباد  دیتی ہوں کہ اس نے برکس کے عمل کو مضبوط بنانے میں اہم رول ادا کیا ۔

اس نے جولائی 2015 ء میں اُوفا کے خوبصورت شہر میں 7 ویں برکس چوٹی کانفرنس منعقد کی تھی اور اب مجھے مسرت ہورہی ہے ہم 8 ویں برکس چوٹی کانفرنس کی میزبانی کررہے ہیں جس کو گوا میں 15 اور 16 اکٹوبر کو منعقد کیا جارہا ہے ۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہندوستان کا اصل مصد اپنی چیرمین شپ کے ایام میں برکس کو پہلے سے زیادہ موثر اور جوابدہ بنایا جائے اور گروپ کو لیکر اجتماعی جدوجہد کے ذریعہ مسائل کی یکسوئی پر توجہ دی جائے ۔ چوٹی کانفرنس کے لئے تیار کئے جارہے لوگو کا رنگ تمام رکن ممالک سے لیا گیا ہے اور اس کے درمیان میں روایتی طورپر ’’نمستے ‘‘ ہوگا ۔ ہم اپنی قیادت کے دوران پانچ حکمت عملیاں اختیار کریں گے اس میں ادارہ سازی ، یکجہتی ، اختراعی اورباہمی تعاون کو جاری رکھنے کے اقدامات شامل ہیں۔ سشما سوراج نے مزید کہا کہ ہندوستان کی جانب سے ادارہ سازی کیلئے زور دیا جائے گا ۔ ماضی کی چوٹی کانفرنسوں کو پیش نظر رکھ کر موجودہ میکانزم کے اندر مزید توانائی کو فروغ دیا جائے گا۔ اس گروپ کی جانب سے شنگھائی میں ایک نیا ڈیولپمنٹ بینک ہیڈکوارٹر قائم کیا گیا ہے جس کی قیادت ہندوستان کے کے وی کامتھ کررہے ہیں ۔ سشما سوراج نے مزید کہا کہ ہندوستان کی چیرمین شپ کے دوران زائد از 50 شعبہ جاتی ملاقاتیں ہوں گی اور انھیں وزارتی سطح پر منعقد کیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT