Saturday , September 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان190 رنز کے تعاقب میں178 رنز پر ڈھیر

ہندوستان190 رنز کے تعاقب میں178 رنز پر ڈھیر

اینٹیگا۔3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیزکے کپتان جیسن ہولڈر کی شانداربولنگ کی بدولت میزبان نے رواں سیریز کے چوتھے میچ ہندوستان11 رنوں سے شکست دی۔ ہولڈر نے9.4 اوورس میں 27 رنز دے کر پانچ وکٹیں لی۔189 رنوں کے آسان ہدف کا تعاقب میں ہندوستانی ٹیم 178 رن پر سمٹ گئی۔5 میچوں کی سیریز میں ہندوستان اب بھی 2-1 سے آگے ہے ۔ہندوستانی ٹیم میں سب سے زیادہ رن اوپنر اجنکیا رہانے(60) اور مہندر سنگھ دھونی(54) نے بنائے ۔ محدود اووروں کے بہترین بیٹسمین کے طور پر جانے جانے والے دھونی 114 گیندو کی اننگز میں صرف ایک چوکا لگا سکے ۔ہندوستانی ٹیم کی طرف سے اجنکیا رہانے اور شکھر دھون کی جوڑی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دھون مسلسل دوسرے میچ میں بھی جلدی آؤٹ ہو گئے ۔ فاسٹ بولر الزاري جوزف نے تیسرے اوور میں جیسن ہولڈر سے کیچ کروایا۔ انہوں نے سات گیندوں میں پانچ رن بنائے ۔ چھٹے اوور میں ہولڈر نے ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کوہلی صرف تین رن ہی بنا سکے ۔ زخمی یوراج سنگھ کی جگہ ٹیم میں شامل ہوئے دنیش کارتک بھی نہیں چل سکے اور 13 ویں اوور میں جوزف نے انہیں کیپر کے ہاتھوں کیچ کروایا اور وہ 2 رنز ہی بنا سکے۔47 رنز پر تین وکٹ گرنے کے بعد رہانے کا ساتھ دینے آئے سابق کپتان دھونی نے اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 54 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ دیویندر بشو نے رہانے کو آوٹ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک اہم کامیابی دلوائی۔ رہانے نے ڈي آرایس کا سہارا لیا، لیکن وہاں بھی انہیں آؤٹ قرار دے دیا گیا۔رہانے کے آؤٹ ہونے کے بعد دھونی ایک سرے پر ڈٹے رہے لیکن دوسرے سرے سے وکٹوں کا گرنا جاری رہا۔ کیدار جادھو دس رن بنا کر ایشلے نرس کا شکار بنے تو وہی رنوں کی رفتار کو بڑھانے کی کوشش میں ہاردک پانڈیا ہولڈر کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔21 گیندوں میں20 رنز کی اننگز میں پانڈیا نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔ اس کے بعد کریزپر آئے جڈیجہ بھی کچھ خاص کارنامہ انجام نہیں دے سکے اور وہ ہولڈر کا تیسرا شکار بنے ۔ آخری دو اووروں میں ٹیم کو16 رنز درکار تھے لیکن49 ویں اوور کی آخري گیند پر ولیمز نے دھونی کا وکٹ لے کر ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ آخری اوور میں دو وکٹ لے کر ہولڈر نے ہندوستانی اننگز کو بھی سمیٹ دیا۔ قبل ازیں امیش یادو اور ہاردک پانڈیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین تین وکٹ لیکر ویسٹ انڈیز کو چوتھے ونڈے میں50 اوورس میں 189/9تک محدود رکھا۔یادو نے10 اوور میں36 رنز پر تین وکٹ اور پانڈیا نے 10 اوور میں 40 رن پر تین وکٹ حاصل کئے ۔ ویسٹ انڈیز کے لئے سردرد بن چکے چائنامین گیند باز کلدیپ یادو نے10 اوور میں31 رن پر دو وکٹ لے کر سیریز میں اپنے وکٹوں کی تعداد آٹھ تک پہنچا دی۔ اس میچ میں آف اسپنر روی چندرن اشون کی جگہ اتارے گئے رویندر جڈیجہ کو 48 رن اور تیز گیند باز محمد سمیع کو 33 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں ملی۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم 57 رن کے مضبوط آغاز اور 32 ویں اوور میں دو وکٹ پر121 رن کی بہتر موقف بعد لڑکھڑا گئی اور 189 رنز تک ہی پہنچ سکی

TOPPOPULARRECENT