Sunday , September 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ہندو مسلم ایک دوسرے کے تہواروں کا احترام کریں

ہندو مسلم ایک دوسرے کے تہواروں کا احترام کریں

خانہ پور میں امن کمیٹی کے اجلاس سے سرکل انسپکٹر اے پدنا کمار کا خطاب

خانہ پور ۔/23اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گنیش تہوار اور عیدالاضحی کے پیش نظر خانہ پور پولیس کی جانب سے اے ایم کے فنکشن ہال میں امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ سرکل انسپکٹر آف پولیس خانہ پور اے پدنا کمار نے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ پوجا پاٹ کے بعد جس احترام سے گنیش مورتی کو بٹھایا جاتا ہے اسی احترام سے گنیش مورتی کو اٹھایا کیوں نہیں جاتا۔ تہوار کو اگر مقدس قرار دیتے ہیں تو شراب نوشی اور شور شرابہ سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جے ساؤنڈ سسٹم پر مکمل پابندی ہے خلاف ورزی پر کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔ ہائی ساؤنڈ سسٹم سے انسانی ذہنی توازن بگڑجاتا ہے اس بات کا خیال رکھا جائے۔ گنیش مورتی کی ایستادگی سے لیکر گنیش مورتی کے وسرجن تک کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آنا چاہیئے، تہوار کے دوران دل آزار نعرے نہ لگائیں اور دل آزار گانوں کے کیسٹ نہ بجائے جائیں، دوران تہوار بھجن اور بھکتی گیت بجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندو مسلم ایک دوسرے کا احترام کریں اور ایک دوسرے کے تہواروں کا بھی احترام کریں، صرف ہندو مسلم بھائی بھائی کہنے سے بھائی چارہ قائم نہیں ہوتا۔ بھائی چارہ کو اگر ثابت کردکھانا ہے تو اپنے اندر سے انسانی جذبہ کو باہر لائیں خود بخود تعصب اور دلوں سے فرقہ پرستی ختم ہوجائے گی، یہ آج بہت ضروری ہے۔ ملک کو فرقہ پرستی کی آگ سے بچانا ہے تو حقیقی بھائی چارہ کی ضرورت ہے۔ اجلاس سے ایس آئی کلوری ونئے، ست نارائن سرپنچ خانہ پور، سابق سرپنچ آکولہ سرینواس، راج گنگنا ایڈوکیٹ، ڈاکٹر خواجہ حفیظ خان، ستیش راؤ دیشپانڈے وی ڈی سی چیرمین خانہ پور، بی جے پی قائد پی راج شیکھر، ٹی آر ایس قائد عرفان دانش، سریش کمار، اے ای محکمہ برقی پربھاکر، جی سریدھر ای اوگرام پنچایت خانہ پور اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مختلف محکموں کے عہدیداروں نے عیدالاضحی اور گنیش تہوار کے موقع پر نقائص سے پاک انتظامات کا تیقن دیا۔

 

 

Top Stories

TOPPOPULARRECENT