Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہند۔پاک سیریز میں آئی سی سی کچھ نہیں کرسکتی: ظہیر عباس

ہند۔پاک سیریز میں آئی سی سی کچھ نہیں کرسکتی: ظہیر عباس

لاہور۔25 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے صدر ظہیر عباس نے کہا کہ عالمی ادارہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان باقاعدگی سے مقابلوں کے انعقاد کے سلسلے میں مداخلت نہیں کرسکتا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان رواں برس کے اختتام پر متحدہ عرب امارات میں سیریز منعقد ہونے والی ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات کی منسوخی کے بعد اس سیریز کا انعقاد مشکلات کا شکار دکھائی دیتا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھی کشیدگی جاری ہے جہاں دونوں ممالک کے سکیورٹی ادارے ایک دوسرے کی سرحدی حدود میں فائرنگ کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان 2007 کے بعد سے اب تک کوئی بھی مکمل سیریز نہیں ہوسکی ہے۔پاکستان کے سابق عظیم بیٹسمین عباس کے مطابق یہ معاملہ آئی سی سی کی حدود سے باہر ہے، اگر دونوں ممالک سیریز کے انعقاد کا فیصلہ کرتے ہیں تو یہ ممکن ہوسکے گا، آئی سی سی اس حوالے سے کچھ نہیں کرسکتا۔گزشتہ سال دونوں ممالک نے 2015 تا 2023 کے درمیان 6  مکمل سیزیز کھیلنے پر اتفاق کیا تھا جس میں سے چار کی میزبانی پاکستان کو کرنا تھا تاہم اسے ہندوستانی حکومت کی اجازت سے مربوط کیا گیا ہے۔ظہیر عباس نے مزید کہا  کہ دنیا پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مقابلے دیکھنا چاہتی ہے، یہ ایشز سیریز کی طرح ہے، لیکن اس کا انحصار دونوں ممالک پر ہے۔

TOPPOPULARRECENT