Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہند۔پاک سیریز کیلئے مزید 2 یوم کا انتظار : پی سی بی

ہند۔پاک سیریز کیلئے مزید 2 یوم کا انتظار : پی سی بی

کراچی ، 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مجوزہ انڈیا۔ پاکستان کرکٹ سیریز کیلئے وقت نکلتا جارہا ہے، اس لئے پی سی بی نے کہا ہے کہ اگر ہندوستانی حکومت اگلے دو یوم میں اپنی منظوری نہ دے تو کافی موضوع بحث بننے والی سیریز کو وہ منسوخ کردے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیرمین شہریار خان نے کہا کہ پی سی بی ایک یا دو یوم مزید انتظار کرے گا جس کے بعد سری لنکا میں اس ماہ مختصر لمیٹیڈ اوورز سیریز کے انعقاد کے منصوبے ترک کردیئے جائیں گے۔ ’’اس کے بعد یہ سیریز ختم سمجھی جائے گی۔‘‘ شہریار نے کہا کہ اس سیریز کو اب منعقد کرنے کے امکانات موہوم ہوچلے ہیں کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط کے احیاء پر ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اسلام آباد میں پاکستانی حکام کے ساتھ اپنی میٹنگس کے دوران کوئی بات نہیں کی ہے۔ ’’دیانت داری سے کہیں تو اس سیریز کے اب انعقاد کے امکانات بہت کم ہوگئے ہیں کیونکہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی وزیر خارجہ اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان میٹنگ میں کرکٹ پر بات نہیں ہوئی۔‘‘ پی سی بی سربراہ نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ ’’اگر یہ سیریز منعقد نہیں ہوتی ہے تو ہمیں لگ بھگ 40 تا 50 ملین امریکی ڈالر کا نقصان ہونے والا ہے اور ہم نے پہلے ہی سیریز کیلئے سری لنکا میں تیاریاں شروع کردیئے ہیں جن میں ہوٹل بکنگس شامل ہے۔‘‘ انھوں نے کہا: ’’ہم پُرامید تھے کہ خوش خبری آئے گی جب ہندوستانی وزیر اور پاکستانی حکام کے درمیان میٹنگ میں کرکٹ پر بھی بات ہوگی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ہمیں مایوسی ہوئی۔‘‘ شہریار نے کہا کہ پی سی بی اپنی مستقبل کی پالیسیوں کا جائزہ لے گا اور ان تبدیلیوں کے بارے میں اپنے گورننگ بورڈ ممبرز کو واقف کرائیں گے۔ ’’انڈین سیریز کا منعقد نہ ہونا ہمارے لئے مالی طور پر بڑا جھٹکہ ہے۔ اور ہم توقع کررہے ہیں کہ انڈین بورڈ اپنی حکومت سے کلیرنس حاصل کرے گا کیونکہ انھوں نے ہمارے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کررکھی ہے۔ ہمیں اس دستاویز میں مصرحہ بقیہ سیریز کے مستقبل کا جائزہ لینے کی بھی ضرورت ہے۔‘‘ ایک سوال پر شہریار نے کہا کہ پاکستان کی ہندوستان میں مارچ میں منعقد شدنی ورلڈ T20 میں شرکت اپنی حکومت سے حصولِ اجازت پر منحصر رہے گی۔ انھوں نے مزید کہا: ’’حکومت نے ہمیں ہندوستان کے ساتھ سری لنکا میں مختصر سیریز کھیلنے کیلئے منظوری دی ہے لیکن یہ ابھی تک روبہ عمل نہیں آئی ہے۔‘‘

TOPPOPULARRECENT