Saturday , June 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہند۔پاک سیریز کی میزبانی کے لئے سری لنکا تیار

ہند۔پاک سیریز کی میزبانی کے لئے سری لنکا تیار

دبئی ۔17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان باہمی سیریز کی بحالی کیلئے کرکٹ سری لنکا کے صدر نے ثالثی کی پیشکش کر دی ہے جو دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان مقابلے سری لنکا میں بھی کروانے کیلئے تیار ہیں۔ تھیلنگا سماتھی پالا نے کہا ہے کہ باہمی مقابلوں کے نہ ہونے سے پاکستانی ہی نہیں ہندوستانی ٹیم بھی بری طرح نقصان کا سامنا کر رہی ہے اور سری لنکائی ٹیم کا  رواں سال پاکستان جا کر کھیلنے کا فی الحال کو ئی منصوبہ نہیں ہے۔تھیلنگا کے بموجب  ان کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات ہوئی جس میں انہیں یہ پیغام پہنچایا گیا کہ وہ پاکستان کیخلاف میچوں کے انعقاد پر غور کریں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں حالیہ برسوں کے دوران صرف آئی سی سی ایونٹس کے دوران آمنے سامنے آتی رہی ہیں اور آئندہ ماہ ان کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میچ بھی مقرر ہے۔تھیلنگا سماتھی پالا اس حقیقت کے باعث فکرمند ہیں کہ پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں متواتر ایک دوسرے کا سامنا کرنے سے قاصر ہیں اور  باہمی سیریز نہ ہونے سے صرف پاکستان کا ہی نہیں ہندوستان کا بھی نقصان ہو رہا ہے اور اس کی تلافی کیلئے دونوں ممالک کا مقابل آنا بہت ضروری ہے اور اسی حقیقت کے پیش نظر انہوں نے نریندر مودی سے درخواست کی ہے کہ وہ  ٹیم کو پاکستان کیخلاف دبئی یا سری لنکا میں سیریز کھیلنے کی اجازت دے دیں۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سیاسی کشیدگی کی وجہ سے گزشتہ چند برسوں سے باہمی سیریز نہیں کھیلی گئی ہے حالانکہ پاکستان نے متعدد مرتبہ ہندوستان کے ساتھ سیریز کیلئے کوشش کی اور ہندوستان کو تیسرے مقام پر سیریز کھیلنے کیلئے مدعو کیا تھا ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT