Tuesday , May 23 2017
Home / Top Stories / ہند۔ آسٹریلیا تیسرا ٹسٹ ڈرا ۔ مہمان بیٹسمنوں کی صبرآزما جدوجہد

ہند۔ آسٹریلیا تیسرا ٹسٹ ڈرا ۔ مہمان بیٹسمنوں کی صبرآزما جدوجہد

ہینڈس کومب اور مارش کی نصف سنچریاں۔ 25 مارچ سے دھرم شالہ میں چوتھا اور سیریز کا فیصلہ کن ٹسٹ کھیلا جائے گا

رانچی 20 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین تیسرا ٹسٹ میچ آج ڈرا ہوگیا جبکہ ہندوستانی بولرس کی کوششوں کو آسٹریلیائی بلے بازوں نے انتہائی صبر آزما جدوجہد کے ذریعہ ناکام بنادیا ۔ آسٹریلیا نے ہندوستان کے پہلی اننگز کے 9 وکٹ پر 603 رنز اننگز ڈیکلر کے بعد اپنی دوسری اننگز میں چھ وکٹ پر 204 رن بنائے تھے ۔ آسٹریلیا نے کل ہی 23 رنوں کے عوض دو وکٹس کھو دئے تھے اور آج دن بھر میں سست رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹس پر اپنے اسکور کو 204 تک پہونچا دیا تھا ۔ اس وقت دونوں ٹیموں نے میچ کو ختم کرنے سے اتفاق کرلیا ۔ دورہ کنندہ آسٹریلیائی ٹیم پیٹر ہینڈس کومب اور شون مارش کی صبر آزما بیٹنگ کی وجہ سے خود کو شکست سے بچاتے ہوئے میچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہی ۔ ہینڈس کومب نے 72 ناٹ آوٹ رن بنائے جبکہ شون مارش 53 رنز بناکر آوٹ ہوئے تھے ۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کی رفاقت میں 124 رنز جوڑ کر ہندوستانی بولرس کے صبر کا امتحان لیا ۔ اس سے قبل کپتان اسٹیو اسمتھ 21 رن بناکر اور میٹ رنشا 15 رن بنا کر جلدی جلدی پویلین لوٹ گئے تھے ۔ اس وقت ہندوستان کو میچ میں کامیابی کی امید دکھائی دے رہی تھی لیکن بعد میں ہینڈس کومب اور مارش نے ان بولرس کی امیدوں پر اپنی صبر آزما بیٹنگ کے ذریعہ پانی پھیر دیا ۔ مارش کو ہندوستان کے رویندر جڈیجہ نے آوٹ کیا ۔ انہوں نے اس میچ میں یہ چار وکٹس 54 رنوں کے عوض حاصل کئے ۔ ہینڈس کومب دوسری جانب ناٹ آوٹ رہے اور انہوں نے ایک جانب سے اپنی ٹیم کی وکٹوں کو بچاتے ہوئے ہندوستان کو ناکام کرنے میں اہم رول ادا کیا ۔ انہوں نے تقریبا 200 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 72 ناٹ آوٹ رنز بنائے ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے فاسٹ بولر ایشانت شرما 30 رنوں کے عوض ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے ۔ لنچ سے قبل کے سشن میں ہندوستانی بولرس ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلیائی بیٹنگ لائین اپ کو ادھیڑنے میں کامیاب ہوجائیں گے لیکن لنچ کے بعد کے دونوں ہی سشنس میں آسٹریلیائی بلے بازوں نے ہندوستانی بولرس کا کامیابی کے ساتھ سامنا کیا ۔ آج تیسرا ٹسٹ ڈرا ہوجانے کے بعد سیریز 1 -1 سے مساوی ہی رہی ہے ۔ پہلا ٹسٹ آسٹریلیا نے اور دوسرا ہندوستان نے جیتا تھا ۔ اب سیریز کا فیصلہ دھرم شالہ میں کھیلے جانے والے چوتھے ٹسٹ میں ہوگا ۔ دھرم شالہ میں 25 مارچ سے چوتھا ٹسٹ شروع ہونے والا ہے جو اس مقام پر پہلا ٹسٹ ہوگا ۔ آج حالانکہ دونوں ہی ٹیموں نے بہترین کرکٹ کھیلی ہے لیکن ان کے مابین کشیدگی کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی ایسا دیکھنے میں آیا ۔ رنشا اور ایشانت شرما کے مابین دوران میچ لفظی تکرار ہوئی جس کے بعد رنشا ‘ ایشانت شرما کی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ ہندوستان کیلئے کل چھتیشور پجارا نے ڈبل سنچری اور وردھی مان ساہا نے سنچری اسکور کی تھی اور ہندوستان کو ایک بہترین سبقت دلادی تھی ۔ اس کے بعد ہندوستان کو امید تھی کہ وہ ٹسٹ میچ میں کامیابی حاصل کرسکتا ہے لیکن پانچویں دن ایسا ممکن نہ ہوسکا ۔ ہینڈس کومب اور مارش کی جوڑی نے انتہائی صبرآزما جدوجہد کرتے ہوئے ٹیم کو شکست سے بچانے میں اہم رول ادا کیا ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT