Monday , September 25 2017
Home / دنیا / ہند۔ پاک تعلقات میں بہتری کیلئے تعمیری رول ادا کرنے چین کی پیشکش

ہند۔ پاک تعلقات میں بہتری کیلئے تعمیری رول ادا کرنے چین کی پیشکش

سرحدی مخاصمت میں اضافہ، کشمیر کی صورتحال بین الاقوامی توجہ راغب کررہی ہے : گینگ شوانگ
بیجنگ ۔ 12 جولائی (سیاست ڈاٹ کا م ) چین نے آج کہا کہ وہ بالخصوص لائن آف کنٹرول پر بڑھتی ہوئی مخاصمت کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں تعمیری رول ادا کرنے تیار ہے اور دعویٰ کیا کہ کشمیر کی صورتحال ’’بین الاقوامی‘‘ توجہ کو راغب کررہی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان، جنوبی ایشیاء کے دو اہم ممالک ہیں لیکن کشمیر کی صورتحال ’’بین الاقوامی برادری‘‘ کی توجہ کو راغب کررہی ہے۔ ہندوستان نے واضح کردیا ہیکہ کشمیر دراصل پاکستان کے ساتھ اس کا باہمی مسئلہ ہے اور اس میں کسی تیسرے فریق کی ثالثی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی میں ملوث ہوتے ہوئے چین کی طرف سے یہ تبصرے ایک ایسے وقت کئے گئے ہیں جب سکم سکشن کے ڈوکلم علاقہ میں ہندوستان اور چین کی افواج ایک دوسرے کے مدمقابل صف آراء ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے گینگ نے کہا کہ کشمیر کی لائن آف کنٹرول کے قریب تنازعہ پیدا ہوا ہے جس سے نہ صرف ان دونوں ملکوں کے امن و استحکام کو نقصان پہنچے گا بلکہ سارے علاقہ میں امن و دوستی کو نقصان ہوگا۔ گینگ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’’ہم توقع کرتے ہیں کہ متعلقہ فریقین مزید ایسے اقدامات کرسکتے ہیں جو اس علاقہ میں امن و استحکام کیلئے سازگار ہوسکتے ہیں اور کشیدگی میں اضافہ سے گریز کیا جاسکتا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے چین تعمیری کردار ادا کرنے تیار ہے‘‘۔ ان تبصروں سے دو دن قبل چینی تجزیہ نگاروں نے سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز میں لکھا تھا کہ پاکستان کی درخواست پر کسی تیسرے ملک کی فوج کشمیر میں داخل ہوسکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT