Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہند۔ پاک سیریز کیلئے حکومتی سطح پر رابطے کا پاکستان کو مشورہ

ہند۔ پاک سیریز کیلئے حکومتی سطح پر رابطے کا پاکستان کو مشورہ

دبئی  ۔26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ دوطرفہ کرکٹ سیریز کی بحالی کیلئے پاکستانی حکومت پہلے ہندوستانی حکومت سے بات چیت کرے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ حالات کو کرکٹ کیلئے ناسازگار قرار دیا۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ اور مشہور شخصیات کے درمیان میچ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ماحول اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز کیلئے سازگار نہیں۔ پاکستانی حکومت پہلے ہندوستانی حکومت سے بات چیت کرے، سازگار ماحول بنانے کیلئے یہ حکمت عملی بہت کارگر ثابت ہو گی۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) شہریار خان پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مجوزہ دوطرفہ سیریز پر گفتگو کیلئے گزشتہ ہفتے ہندوستان گئے تھے لیکن دونوں ملکوں کے کرکٹ سربراہان کی ملاقات سے قبل  شیو سینا نے بی سی سی آئی ہیڈ کوارٹر پر دھاوا بول دیا تھا جس کے بعد ملاقات منسوخ کردی گئی تھی۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ دونوں حکومت کے درمیان بات چیت سے موجودہ تناؤ کم ہو جائے گا جس کے بعد کرکٹ معاملات پر گفتگو آسان ہو جائے گی۔ اس سے قبل ہفتے کو چیئرمین پی سی بی شہریار خان یہ واضح کر چکے ہیں کہ ہندوستان میں صورتحال خصوصاً پاکستانیوں کیلئے اطمینان بخش نہیں اور یہ ممکن ہے کہ حکومت پاکستانی ٹیم کو آئندہ سال ہندوستان میں مجوزہ ورلڈ کپ میں شرکت سے روک دے۔ انہوں نے کہا  کہ ہم پاکستانی حکومت سے مشورہ لیں گے اور میرے خیال میں حکومت ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دے گی۔ شہریار نے مزید کہا کہ اگر ایسی صورتحال ہوئی تو پاکستان آئی سی سی کے زیرانتظام منعقدہ ورلڈکپ ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ کے تمام میچز کا بائیکاٹ کرنے کیلئے تیار ہو گا۔

TOPPOPULARRECENT