Sunday , October 22 2017
Home / Top Stories / ہند۔ پاک معتمدین خارجہ مذاکرات دہلی میں آئندہ ماہ مقرر

ہند۔ پاک معتمدین خارجہ مذاکرات دہلی میں آئندہ ماہ مقرر

 

اسلام آباد، 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کے معتمدین خارجہ کا ایک اجلاس آئندہ ماہ دہلی میں منعقد ہوگا، تاکہ حالیہ معلنہ جامع باہمی مذاکرات کا لائحہ عمل تیار کیا جاسکے۔ وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے پاکستان کی پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ معتمدین خارجہ نے فیصلہ کیا ہے کہ جامع ہند۔ پاک مذاکرات کا لائحہ عمل تیار کیا جائے اور اس کے قواعد و ضوابط کا تعین کیا جائے۔ ذرائع کے بموجب یہ اجلاس دہلی میں منعقد ہوگا۔ سرتاج عزیز نے حال ہی میں ’’ہارٹ آف ایشیا‘‘ چوٹی کانفرنس اور وزیر خارجہ ہند سشما سوراج سے اپنی بات چیت کی تفصیلات سے واقف کروایا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے جامع باہمی مذاکرات کا عنقریب احیاء ہوگا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ تمام مسائل بشمول مسئلہ کشمیر امن مذاکرات کے موضوعات ہوں گے۔ ہندوستان کے ساتھ تازہ ترین ملاقات میں اس سے اتفاق کیا گیا ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے معتمدین خارجہ کا ایک اجلاس آئندہ ماہ منعقد کیا جائے گا، تاکہ جامع مذاکرات کی تفصیلات کا تعین کیا جائے اور مختلف ورکنگ گروپس کے درمیان روابط کے قواعد و ضوابط مقرر کئے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ مذاکرات میں تمام موضوعات شامل ہوں گے اور اگر کوئی اضافہ ہوگا تو حکومت اس سے پارلیمنٹ کو واقف کرائے گی۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے مشیران قومی سلامتی جامع مذاکرات کے ایک حصہ کے طورپر دہشت گردی کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستانی بین براعظمی میزائل شاہین III کا کامیاب تجربہ
اسلام آباد، 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج کامیابی سے اپنے وسط مسافتی زمین سے زمین پر وار کرنے والے نیو کلیئر صلاحیت کے حامل بین براعظمی میزائل شاہین III کی تجرباتی پرواز کا انعقاد کیا۔ اس میزائل کی صلاحیت 2750 کیلو میٹر تک وار کرنے کی ہے، جس کی وجہ سے کئی ہندوستانی شہر اس کی ممکنہ زد میں شامل ہیں۔ میزائل کی آزمائشی پرواز کا مقصد مختلف ساخت اور تکنیکی پیمانوں کی جانچ تھا۔ ایک بیان کے بموجب جو فوجی محکمہ سراغ رسانی آئی ایس آئی کے شعبہ رابطہ عامہ نے دیا ، کہا گیا ہے کہ یہ میزائل نیو کلیئر وارہیڈ اور روایتی ہتھیار 2750 کیلو میٹر تک استعمال کرسکتا ہے۔ میزائل کا تجربہ بحیرۂ عرب میں کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT