Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / ہند ، سری لنکا کے مابین صدیوں قدیم گرمجوشانہ تعلقات کی ستائش

ہند ، سری لنکا کے مابین صدیوں قدیم گرمجوشانہ تعلقات کی ستائش

وزیر خارجہ سشما سوراج کی میزبان صدر میتھریپالا سری سیناسے ملاقات ۔ ٹکنالوجی پارک قائم کرنے کی پیشکش
کولمبو ،6 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا سے ملاقات کی اور کئی علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔سشما سوراج دو روزہ دورہ سری لنکا پر کل یہاں پہونچی تھیں۔ ہندوستانی ہائی کمشنر برائے سری لنکا وائی کے سنہا نے کہا کہ سشما کی صدر سری لنکا کے ساتھ بہت بہترین ملاقات رہی ۔ انہوں نے کہا کہ صدر سری لنکا نے دونوں ملکوں کے مابین پائے جانے والے گرمجوشانہ تعلقات کا تذکرہ کیا جو سینکڑوں برسوں کے تہذیبی رابطوں پر مشتمل ہیں۔ ایک گھنٹہ طویل ملاقات میں دونوں ہی قائدین نے سری لنکا میں ہندوستان کی جانب سے شروع کئے گئے مختلف پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا اور سابقہ اعلی سطح کے دوروں میں کئے گئے فیصلوں کے تعلق سے بھی غور و خوض کیا گیا ہے ۔ مسٹر سنہا نے کہا کہ صدر سری لنکا اور وزیر خارجہ ہند نے سری لنکا میں ہندوستان کے پراجیکٹس کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور صدر جمہوریہ نے ہندوستان سے اس کی مدد کیلئے اظہار تشکر بھی کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صدر سری لنکا سری سینا نے وزیر خارجہ ہند کو علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر ہونے والی پیشرفت سے بھی واقف کروایا ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں قائدین نے کئی مسائل پر بات چیت کی ہے ۔ دونوں قائدین نے 9 ویں مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں ہوئی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا جو کل ہی منعقد ہوا تھا ۔ یہ مشترکہ کمیشن 1992 میں قائم کیا گیا تھا

جسے باہمی تعاون کے مسائل کو حل کرنے کا میکانزم قرار دیا گیا ہے ۔ سری سینا نے گذشتہ سال فبروری میں ہندوستان کے دورہ سے ہوئی مسرت سے واقف کروایا اور اسی سال مارچ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ سری لنکا کا بھی تذکرہ کیا ۔ سشما نے سابق صدر چندریکا بندرا نائیکے کمارا تنگا سے بھی ملاقات کی اور انہوں نے بھی باہمی مسائل کی نوعیت پر تبادلہ خیال کیا ۔ قبل ازیں سشما سوراج نے کولمبو میں ابھرتا ہوا ڈیجیٹل انڈیا نمائش کا بھی افتتاح کیا اور ایک انفارمیشن ٹکنالوجی پارک سری لنکا میں قائم کرنے کی پیشکش کی ہے جس کے ذریعہ اس ابھرتے ہوئے شعبہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ یہ نمائش سری لنکا میں ہندوستان کی پہلی نمائش ہے جسے سنگم ‘ ثقافتوں کا امتزاج کا نام دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سری لنکا میں انفارمیشن ٹکنالوجی پارک قائم کرنے تیار ہیں جس سے اس اہم شعبہ میں سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکتا ہے ۔ دونوں ممالک نے اس مسئلہ پر مزید جائزہ لینے سے اتفاق کیا ہے ۔ وزیر خارجہ ہند نے کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ سری لنکا بھی انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹکنالوجی کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے تاکہ وہاںسماجی معاشی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ اس پہل کے بعد سری لنکا نے مختلف شعبہ جات میں قابل لحاظ ترقی بھی کی ہے ۔ انہوں نے اعلی سری لنکائی قیادت سے تبادلہ خیال میں کہا کہ انہوں نے محسوس کیا ہے کہ آئی ٹی شعبہ میں سری لنکا اچھی ترقی کر رہا ہے اور وہ اس شعبہ میں خدمات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات بھی کر رہا ہے ۔ انہوں نے کل ہی وزیرخارجہ سری لنکا منگلا سمرا ویرا سے بھی ملاقات کی اور اس میں بھی آئی ٹی شعبہ پر بات چیت ہوئی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT