Wednesday , August 16 2017
Home / Top Stories / ہند اور جاپان کے درمیان تاریخ ساز سیول نیوکلیئر سمجھوتہ

ہند اور جاپان کے درمیان تاریخ ساز سیول نیوکلیئر سمجھوتہ

جملہ 10 معاہدوں پر دستخط ، مودی ۔ ایبے مشترکہ پریس کانفرنس ، دہشت گردی کی مذمت

ٹوکیو ۔ /11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور جاپان نے وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے جاپانی ہم منصب شنزو ایبے کی بات چیت کے بعد ایک تاریخ ساز سیول نیوکلیر تعاون سمجھوتہ پر دستخط کئے ہیں ۔ یہ ایسا اقدام ہے جس سے باہمی معاشی و سکیورٹی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا اور امریکی کمپنیوں کو ہندوستان میں انہیں پلانٹس قائم کرنے کی راہ ہموار ہوگی ۔ شنزو ایبے کے گزشتہ سال ڈسمبر میں دورہ ہند کے موقع پر سیول نیوکلیر توانائی کے شعبہ میں تعاون کے لئے دونوں ملکوں کے مابین وسیع تر سمجھوتہ کیا گیا تھا ۔ لیکن چند مسائل کے زیر تصفیہ ہونے کے سبب تاحال دستخط نہیں کئے گئے تھے ۔  اس سمجھوتہ سے ہندوستان کو جاپان سے نیوکلیر ٹکنالوجی فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔ اس طرح ہندوستان نیوکلیئر عدم پھیلاؤ سمجھوتہ نہ کرنے والا ایسا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے ٹوکیو کے ساتھ یہ سمجھوتہ کیا ہے ۔ اس سمجھوتہ سے دونوں ملکوں کے باہمی اقتصادی و سکیورٹی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔

جاپان دنیا کا واحد ملک ہے جو دوسری عالمی جنگ کے موقع پر ایٹمی بم کا بدترین نشانہ بنا تھا اور بالخصوص 2011 ء کے نکوشیما نیوکلیئر پاور پلانٹ میں ہوئی تباہ کاری کے پیش نظر جاپان میں ایٹمی توانائی کی سیاسی مزاحمت بھی کی جارہی ہے ۔ نیوکلیئر توانائی کے مارکٹ میں جاپان ایک کلیدی طاقت ہے اور اس کے ساتھ اپنی معاملت دراصل امریکی نیوکلیئر کمپنیوں کی جانب ہندوستان میں نیوکلیئر توانائی پلانٹس کی راہ ہموار کرے گی ۔ امریکہ ، روس ، جنوبی کوریا ، منگولیہ ، فرانس ، نامیبیا ، ارجنٹائن ، کنیڈا ، قازقستان اور آسٹریلیا بھی ہندوستان کے ساتھ سیول نیوکلیئر سمجھوتہ کرچکے ہیں ۔ہندوستان اور جاپان نے وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ جاپان کے موقع پر 10 معاہدوں پر دستخط کئے جو خلاء اور زراعت کے شعبوں کے بارے میں ہے۔ وزیراعظم نے سرحد پار سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر امتناع عائد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ وزیراعظم جاپان نے بھی دہشت گردی کی ہر نوعیت اور ہر توسیع کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تعصب کا بھی خاتمہ ہوناچاہئے۔ دونوں قائدین نے فکرمندی ظاہر کی کہ دہشت گردی اور پرتشدد انتہاء پسندی میں عالمگیر سطح پر اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ چین نے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے ۔ مولانا مسعود اظہر پر کمیٹی کی القاعدہ تحدیدات کمیٹی کی جانب سے پابندیاں عائد کرنے کا راستہ روک دیا ہے۔ دونوں وزرائے اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی کی محفوظ پناہ گاہوں اور انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے اور اس کومالیہ فراہم کرنے والے تمام چینلس کو روکنے کیلئے کام کریں گے۔

مودی کی شہنشاہ جاپان سے ملاقات
نئی دہلی ۔ /11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے جاپان کے شہنشاہ اکیہیتو سے ملاقات کی اور ہند ۔ جاپان کے مابین مشترکہ رابطوں کے علاوہ ایشیا کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا ۔ ’’ تہذیبوں پر بات کرتے ہوئے شہنشاہ اکیہیتو اور وزیراعظم مودی نے ہند و جاپان کے اٹوٹ رشتوں کا تذکرہ کیا اور ایشیاء کے مستقبل پر گفت و شنید کی گئی ‘‘ ۔ بعد ازاں مودی نے سابق وزیراعظم بوشیرو موری اور وزیر خارجہ فومیوکشیڈا سے ملاقات کے دوران باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ۔ شہنشاہ اکیہیتو نے جاپان کے ساتھ ہند کے صدیوں طویل تعلقات کی ستائش کی۔

TOPPOPULARRECENT