Monday , May 1 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہند ۔ آسٹریلیا سہ روزہ میچ ڈرا ‘ شریاس ائیر کی شاندار ڈبل سنچری

ہند ۔ آسٹریلیا سہ روزہ میچ ڈرا ‘ شریاس ائیر کی شاندار ڈبل سنچری

۔202 رنوں کی ناٹ آوٹ اننگز ۔ کرشنپا گوتم کی بھی بہترین نصف سنچری ۔ آسٹریلیائی بولرس تقریبا بے اثر

ممبئی 19 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) نوجوان بلے باز شریاس ائیر نے اپنے کیرئیر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے آسٹریلیائی بولرس کی جم کر پٹائی کی اور انہوں نے آج ڈرا ہوئے سہ روزہ وارم اپ میچ میں 202 رنز ناٹ آوٹ بنائے ۔ ائیر کل اپنے اسکور 85 رنز پر کھیل رہے تھے ۔ آج انہوں نے ابتدائی دس منٹ میں ہی اپنی سنچری مکمل کرلی ۔ انہوں نے آسٹریلیائی بولرس اور خاص طور پر اسپنرس ناتھن لیان اور اسٹیفن او کیف کی جم کر پٹائی کی ۔ انہوں نے کرشنپا گوتم کے ساتھ ساتویں وکٹ کیلئے 138 رنز جوڑے تھے ۔ ممبئی سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ بلے باز نے آسٹریلیائی بولرس کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور انہوں نے 27 چوکے لگائے اور ساتھ ہی سات چھکے بھی لگائے ۔ یہ تمام باونڈریاں انہوں نے اسپنرس ناتھن لیان اور او کیف کے خلاف لگائیں۔ وہ 306 منٹ تک کریز پر رہتے ہوئے ناٹ آوٹ رہے ۔ گوتم نے قدرے تیز رفتار بیٹنگ کی اور انہوں نے 68 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 74 رنز بنائے ۔ انہوں نے دس چوکے اور چار چھکے لگائے ۔ ان دونوں کی بہترین بلے بازی کے نتیجہ میں ہندوستان ‘ آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے اسکور سات وکٹس پر 469 کا خاطر خواہ جواب دے سکا ۔ ہندوستانی ٹیم 403 رنز بناکر آوٹ ہوگئی اور آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 66 رنوں کی سبقت حاصل ہوئی تھی ۔ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹس پر 110 رنز جوڑے تھے اور پھر میچ کو باہمی رضامندی سے ختم کردیا گیا ۔ آسٹریلیا کیلئے او کیف 19 رن بناکر اور میتھیو ویڈ 6 رن بناکر کھیل رہے تھے ۔ او کیف نے اپنے 19 رنوں کیلئے 71 گیندوں کا سامنا کیا تھا ۔ آسٹریلیا کا ہندوستان کے خلاف 23 فبروری کو پونے میں پہلا ٹسٹ شروع ہونے والا ہے اور اس سے قبل اسپنرس کی ناکامی سے آسٹریلیائی ٹیم کیلئے فکر میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ اس کے علاوہ ٹیم کیلئے اوپنر ڈیوڈ وارنر کی ناکامی بھی پریشان کن ہوسکتی ہے ۔ وارنر نے پہلی اننگز میں 25 اور دوسری میں 35 رن بنائے تھے ۔ اس کے علاوہ میٹ رینشا بھی ناکام رہے ہیں ۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 11 اور دوسری میں 10 رن ہی بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا کے اسپنرس نے بھی زیادہ رنز خرچ کئے ہیں۔ ناتھن لیان نے چار وکٹس 162 رنز خرچ کرتے ہوئے حاصل کئے جبکہ او کیف نے 101 رن کے عوض تین وکٹس حاصل کئے ہیں۔ آج صبح کا کھیل شریاس ائیر اور گوتم کے نام رہا جنہوں نے بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے ناتھن لیان کے خلاف چار چھکے لگائے ۔ اس طرح سے لیان کا اعتماد مجروح ہوگیا تھا اور ان کی لائین اور لینتھ بھی متاثر ہوگئی تھی ۔ ائیر نے بھی بڑے اطمینان سے بیٹنگ کی اور آسٹریلیائی بولرس کا چاہے وہ اسپنرس ہو یاں فاسٹ بولرس ہوں بڑی خوبی سے نہ صرف سامنا کیا بلکہ وہ ناٹ آوٹ بھی رہے ۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا جیسی ٹیم کے خلاف 202 ناٹ آوٹ رنز اسکور کئے ۔ انہوں نے رانجی ٹرافی میں اسکور کی گئی اپنی ڈبل سنچری کو بہتر بنایا ۔ ائیر نے 2015 میں جھارکھنڈ کے خلاف رانجی ٹرافی کے ایک میچ میں 200 رنز اسکور کئے تھے ۔ ائیر نے جس طرح 85 سے 100 تک کا سفر باونڈریز سے طئے کیا تھا اسی طرح وہ 184 سے 202 تک کا سفر بھی چار باونڈریز سے مکمل کیا ۔ یہ باونڈریاں انہوں نے بائیں ہاتھ کے اسپنر او کیف کے ایک ہی اوور میں لگائیں اور پھر ہندوستان کی اننگز کو ڈیکلر کردیا گیا تھا ۔ بہترین بیٹنگ کے ذریعہ ائیر اور گوتم نے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT