Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہند ۔ آسٹریلیا23 فبروری کو پہلا ٹسٹ ، شیڈول میں تبدیلی کا امکان

ہند ۔ آسٹریلیا23 فبروری کو پہلا ٹسٹ ، شیڈول میں تبدیلی کا امکان

نئی دہلی ۔ 21 اکتوبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی کی جانب سے آج جاری کردہ بیان میں پونے ، رانچی اور دھرمشالہ پہلی مرتبہ ٹسٹ کرکٹ کی میزبانی کریں گے ، جیسا کہ آسٹریلیا کے خلاف چار مقابلوں کی ٹسٹ سیریز کا 23 فبروری کو آغاز ہورہا ہے ۔ پونے میں ہند۔ آسٹریلیا پہلا ٹسٹ 23 فبروری کو مقرر کیا گیا ہے لیکن اس اعلان کے بعد صورتحال پریشان کن ہے کیونکہ 22 فبروری کو آسٹریلیائی ٹیم ایڈیلیڈ میں سری لنکا کے خلاف ٹوئنٹی 20مقابلوں کی سیریز کھیل رہی ہے جس کا تیسرا مقابلہ 22 فبروری کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جارہا ہے ۔ 22فبروری کو ایڈیلیڈ میں ٹوئنٹی 20 مقابلہ کھیل کر اگلے دن ہندوستان کے شہر پونا میں میزبان ٹیم کے خلاف پہلا ٹسٹ شروع کرنے کیلئے آسٹریلیائی کھلاڑیوں کو سوپر میان کی طرح ہندوستان پہونچنا پڑے گا ۔ بی سی سی آئی کی جانب سے معلنہ شیڈول کے بموجب بارڈر ۔گواسکر ٹرافی کا پہلا ٹسٹ 23 تا 27 فبروری پونا میں کھیلا جائے گا ،

جس کے بعد دوسرا ٹسٹ 4 تا 8 مارچ بنگلور میں منعقد ہوگا ، تیسرا ٹسٹ رانچی میں 16 تا 20 اور چوتھا ٹسٹ دھرمشالہ میں 25 تا 29 مارچ کھیلا جائے گا ۔ آخری مرتبہ جب آسٹریلیائی ٹیم نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا تو اسے میزبان ٹیم کے خلاف 4-0 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ ہند۔ آسٹریلیا ٹسٹ سیریز کے شیڈول کے اعلان کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ آسٹریلیائی ٹیم جوکہ 22 فبروری کو سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹوئنٹی 20 کی میزبانی کرنے کے فوراً بعد چند گھنٹوں میں ہندوستان کے شہر میں ٹسٹ مقابلہ کیسے کھیل سکتی ہے ؟ اس کو یقینی بنانے کی ایک صورتحال یہ ہوسکتی ہے کہ جو کھلاڑی ٹوئنٹی 20 کا حصہ نہیں ہوں گے وہ ہندوستان کا دورہ کرتے ہوئے وہاں 23 فبروری کو میزبان ٹیم کے خلاف پہلا ٹسٹ کا آغاز کرسکتے ہیں ، یا دوسری صورت یہ ہوسکتی ہے کہ شیڈول میں کسی قدر تبدیلی کی جائے ۔ فی الحال آسٹریلیا کا ٹوئنٹی 20 کے فوری بعد ہندوستان میں ٹسٹ شروع کرنا ناممکن دکھائی دے رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT