Saturday , April 29 2017
Home / شہر کی خبریں / ہند ۔ اسرائیل تعلقات میں استحکام

ہند ۔ اسرائیل تعلقات میں استحکام

تجارتی تعلقات میں اضافہ ، سفیر اسرائیل متعینہ ہند ڈانئیل کارمن کا خطاب
حیدرآباد۔23فروری(سیاست نیوز) ہند۔اسرائیل تعلقات تیزی سے مزید مستحکم ہوتے جا رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مالی سال 2014-15 کے دوران 6بلین ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔ اسرائیلی سفیر متعینہ ہند ڈانیئل کارمن نے آج فیڈریشن آف تلنگانہ و آندھراپردیش چیمبر آف کامرس و انڈسٹری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ تعلیمی شعبہ میں بھی تیزی سے ترقی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ ڈانیئل کارمن نے کہا کہ اسرائیل میں تعلیم حاصل کررہے جملہ بیرونی طلبہ میں 10فیصد طلبہ کا تعلق ہندستان سے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذکورہ 6بلین کی تجارت میں دفاعی تجارتی معاہدوں یا رقومات کے اعداد و شمار شامل نہیں ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم ہند کے مجوزہ دورہ ٔ اسرائیل کے متعلق بتایا کہ تاحال تاریخ کو قطعیت نہیں دی گئی ہے لیکن سال 2017کے دوران یہ دورہ ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسز ادوا ولچنسکی فرسٹ سیکریٹری سیاسی امور متعینہ ہند ‘ اعزازی قونصل جنرل اسرائیل برائے تلنگانہ و آندھرا پردیش کین ادئے ساگر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ ڈانیئل کارمن نے ہند۔اسرائیل کے درمیان سائبر سیکیوریٹی امور کے متعلق تجارتی معاہدوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبہ میں اسرائیل اور ہندستان کو یکساں خطرات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں زرعی شعبہ میں کی جانے والی سرمایہ کاری کے علاوہ شہر حیدرآباد میں اسرائیلی کمپنیوں کے قیام کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد تیزی سے عالمی معیار کے شہر میں تبدیل ہو رہا ہے اوراسی لئے اسرائیلی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے قبل ازیں دیگر پروگرامس میں شرکت کے دوران کہا کہ اسرائیل میں ہندستانی سیاحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور اسرائیل میں یروشلم ‘ تل ابیب اور بحر مردار سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2016کے دوران اسرائیل میں ہندستانی سیاحوں کی تعداد میں 13فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سال 2016کے دوران 44ہزار 672 ہندستانی سیاحوں نے اسرائیل کا دورہ کیا ہے ۔ اسرائیلی سفارتی عہدیداروں نے دعوی کیا کہ اسرائیل میں سیاسی عدم استحکام کی صورتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے لیکن اب عوام یہ جاننے لگے ہیں کہ اسرائیل ایک محفوظ مملکت ہے اسی لئے اسرائیل میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ جاریہ سال سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔اس موقع پر مسٹر رویندر مودی‘ مسٹر گوڑا شنکر کے علاوہ مسٹر ٹی ایس اپا راؤ و دیگر موجود تھے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT