Wednesday , September 27 2017
Home / ہندوستان / ہند ۔ امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے آئندہ ہفتے کیری کا دورہ

ہند ۔ امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے آئندہ ہفتے کیری کا دورہ

معاشی پیداوار ، روزگار کی فراہمی، عالمی سطح پر قواعد کو مضبوط بنانے کیلئے ترجیحی اقدامات
نئی دہلی / واشنگٹن 25 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری ہند ۔ امریکہ اسٹراٹیجک اور کمرشیل مذاکرات میں شرکت کے لئے آئندہ ہفتہ ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان الزبتھ ٹریڈیو نے کل کہا کہ 29 اور 31 اگسٹ کے درمیان امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نئی دہلی کا دورہ کریں گے۔ وہ یہاں بیشتر ہندوستانی آفیسرس سے بات چیت کریں گے۔ 30 اگسٹ کو جان کیری اور امریکی سکریٹری آف کامرس پینے پرٹیزکر ہند ۔ امریکی اسٹراٹیجک اور کمرشیل مذاکرات کے دوسرے مرحلہ کی قیادت کریں گے۔ دونوں قائدین اپنے ہندوستانی ہم منصبوں کے ہمراہ بات چیت کریں گے۔ ان کے علاوہ دیگر قائدین سے بھی ملاقات ہوگی۔ وزیر خارجہ سشما سوراج اور مملکتی وزیر کامرس و صنعت نرملا سیتا رامن بھی امریکی وفود اور ہندوستانی وفود کے ارکان کے ساتھ موجود رہیں گی۔ ہندوستان اور امریکہ معاشی پیداوار روزگار پیدا کرنے کے اقدامات ، تجارت کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کی فضاء پیدا کرنے، غذائی اشیاء کی سربراہی کو بڑھانے اور قواعد پر مبنی عالمی ضابطہ کو فروغ دینے پر توجہ دیں گے۔ تاہم جان کیری اپنے جنوبی ایشیاء کے دورہ کا آغاز بنگلہ دیش کا سفر کرتے ہوئے کریں گے۔ اس سے امریکہ ۔ بنگلہ دیش تعلقات کو وسیع تر بنیاد پر فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ دیرینہ اور وسیع روابط کی بنیاد پر دونوں ملک امریکہ ۔ بنگلہ دیش مختلف اُمور پر بات چیت کریں گے۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری وہاں سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کریں گے اور عالمی مسائل پر تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دیں گے۔ جنوری 2015 ء میں صدر امریکہ بارک اوباما اور وزیراعظم نریندر مودی نے دونوں ملکوں کے موجودہ اسٹراٹیجک مذاکرات کو بڑھانے پر زور دیا تھا۔ دونوں جانب معاشی ترقی اور تعلقات کو اہمیت دی جارہی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ہند ۔امریکی اسٹراٹیجک اینڈ کامرس مذاکرات ہندوستان میں منعقد ہوں گے۔ نئی دہلی میں امریکی سکریٹری آف کامرس پرٹیزکر اپنے امریکی عہدیدار کے ساتھ ہند ۔ امریکہ سی ای او فورم کے ساتھ دوسرے مرحلہ کی بات چیت کریں گے۔ یہ ہند ۔ امریکی سی ای او فورم ایک دوسرے کو قریب لائے گی۔

TOPPOPULARRECENT