Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / ہند ۔ برطانیہ 9 ارب پاؤنڈ مالیتی سودے، مودی ۔ کیمرون ملاقات

ہند ۔ برطانیہ 9 ارب پاؤنڈ مالیتی سودے، مودی ۔ کیمرون ملاقات

دہشت گردوں کے سرپرستوں کو الگ تھلگ کردیا جائے۔ وزیراعظم مودی کا برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب
لندن 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعظم برطانیہ ڈیوڈ کیمرون کی آج ظہرانہ پر ملاقات کے دوران 10 ارب پاؤنڈ مالیتی سودے طے پائے۔ جبکہ ڈیوڈکیمرون نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی حرکیاتی عصری شراکت داری قرار دیا۔ اُنھوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لئے ہندوستان کی مستقل رکنیت کی بھی تائید کی۔ دورہ کے موقع پر برطانوی و ہندوستانی کمپنیاں باہم نئے تعاون کا جس کی مالیت 9 ارب پونڈ ہوگی، شراکت داری کا اعلان کیا۔ نریندر مودی نے ہندوستان کے منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے برطانیہ سے زیادہ سرمایہ کاری حاصل ہونے کی اُمید ظاہر کی۔ اس موقع پر برطانیہ کے جو دیگر سینئر وزراء موجود تھے اُن میں وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ ، وزیر روزگار پریکی پٹیل اور وزیر تجارت ساجد جاوید شامل ہیں۔ ہندوستان کے وفد میں سفیر برائے برطانیہ رنجن متھائی، معتمد خارجہ ایس جئے شنکر اور مشیر قومی سلامتی اجیت دوول شامل تھے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران پاکستان کا درپردہ حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ عالمی سطح پر دہشت گردوں کے سرپرستوں کو یکا و تنہا کردیا جانا چاہئے اور تمام ممالک کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری دیانتداری کے ساتھ متحدہ جدوجہد کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے اپنے پیشرو وزیراعظم جواہر لال نہرو اور منموہن سنگھ کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے ہندوستان کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔ اُنھوں نے اپنی تقریر کو مزاحیہ موڑ دیتے ہوئے برطانوی ارکان پارلیمنٹ اور اسپیکر کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے اُنھیں پارلیمنٹ سے خطاب کیا موقع دیا اور مزاحیہ انداز میں کہاکہ ہندوستان میں بھی ہر نوجوان فٹبال کھلاڑی بیکھیم کی طرح جھکنا چاہتا ہے۔
وزیراعظم سے للت مودی کی تحویل پر برطانیہ سے
بات چیت کا کانگریس کا مطالبہ
نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیاکہ سابق آئی پی ایل صدرنشین للت مودی کے برطانیہ سے اخراج اور اُنھیں ہندوستان کی تحویل میں دینے کے مسئلہ پر حکومت برطانیہ سے بات چیت کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مفرور مجرم اور کالا دھن برآمد کرنے والے للت مودی کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لئے وطن واپس لایا جاتا ہے ۔ وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے کہاکہ نریندر مودی اس دورہ یہ واحد کارنامہ انجام دے سکیں گے۔

TOPPOPULARRECENT