Saturday , October 21 2017
Home / سیاسیات / ہند ۔ پاک مجوزہ مذاکرات کا امکان نہیں

ہند ۔ پاک مجوزہ مذاکرات کا امکان نہیں

پٹھان کوٹ حملے کے سلسلے میں پاکستان کارروائی کرے ، ہندوستان کا موقف

نئی دہلی ۔11 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ہند۔پاک معتمدین خارجہ سطح کے مذاکرات کا جاریہ ہفتہ امکان نہیں ہے ، کیونکہ ہندوستان نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ پٹھان کوٹ فضائیہ کے اڈے پر دہشت گرد حملے کے سلسلے میں جو اطلاعات فراہم کی گئی ہیں اُن پر پاکستان کو کارروائی کرنی چاہئے ۔ وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے خارجہ پالیسی مشیر سرتاج عزیز نے کہاکہ معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت 15 جنوری کو ہوگی ، لیکن ہندوستانی قومی سلامتی مشیر اجیت دول کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پاکستانی کارروائی کے بعد ہی مذاکرات ہوسکتے ہیںلیکن انھوں نے بعد ازاں اس بیان سے خود کو لاتعلق کرلیاتھا۔ پاکستان سے ملنے والی اطلاعات میں آج یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ لاء انفورسمنٹ ایجنسیوں نے پٹھان کوٹ حملے کے سلسلے میں چند مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے (خبر صفحہ 4 پر ) ۔ معتمد خارجہ جئے شنکر کاطئے شدہ منصوبہ کے مطابق مذاکرات کے سلسلے میں اسلام آباد سفر کا امکان نہیں ہے ۔ گزشتہ ماہ وزیر خارجہ سشما سوراج کے دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں ممالک نے ان مذاکرات سے اتفاق کیا تھا ۔ اس دوران کانگریس نے مذاکرات کے سلسلے میں غیریقینی صورتحال پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ خارجہ پالیسی اس طرح کی نہیں ہوا کرتی ۔ پارٹی ترجمان ابھیشیک سنگھوی نے کہا کہ انتہائی سنگین اور قومی سلامتی سے متعلق حساس مسائل سے نمٹنے کے معاملے میں حکومت انتہائی اُلجھن کا شکار ہے اور یہ اُس کا وطیرہ بن چکا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT