Saturday , September 23 2017
Home / ہندوستان / ہند ۔ پاک معتمدین خارجہ کی آج ملاقات ۔ اہم مسائل پر تبادلہ خیال

ہند ۔ پاک معتمدین خارجہ کی آج ملاقات ۔ اہم مسائل پر تبادلہ خیال

اعزاز احمد چودھری کی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے نئی دہلی آمد ۔ باہمی ملاقات کا اچانک فیصلہ

نئی دہلی 25 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک اچانک اقدام میں ہندوستان و پاکستان کے معتمدین خارجہ کی کل یہاں ملاقات ہوگی جس میں امکان ہے کہ باہمی تعلقات کے مسائل بشمول پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملہ پر تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔ پاکستان کے معتمد خارجہ اعزاز احمد چودھری ایک روزہ دورہ ہند پر کل نئی دہلی آ رہے ہیں۔ ان کی آمد ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے سلسلہ میں ہو رہی ہے ۔ ان کے دورہ کا اسلام آباد سے اعلان کیا گیا ۔ اس کانفرنس کے موقع پر اعزاز احمد چودھری ہندوستانی معتمد خارجہ ایس جئے شنکر سے ملاقات کرینگے اور باہمی تعلقات کے موقف کا جائزہ لینے کے علاوہ باہمی جامع بات چیت کے عمل پر بھی بات چیت کرینگے جو فی الحال تعطل کا شکار ہے ۔ ذرائع کے بموجب بات چیت میں پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملوں کی تحقیقات پر توجہ دی جائیگی اور تحقیقات کیلئے این آئی اے کی ایک ٹیم کے امکانی دورہ ہند کے تعلق سے بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔ گذشتہ سال ڈسمبر میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی جانب سے باہمی جامع مذاکرات کے عمل کے اعلان کے بعد سے دونوں معتمدین خارجہ کی یہ اولین ملاقات ہوگی ۔ دونوں خارجہ سکریٹریز کی سارک چوٹی کانفرنس کے دوران جاریہ سال مارچ میں نیپال میں مختصر بات چیت ہوئی تھی ۔ پٹھان کوٹ میں ہوئی دہشت گردانہ حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے مابین معتمدین خارجہ سکریٹری سطح کی بات چیت تعطل کا شکار ہوگئی تھی ۔ یہ حملہ جنوری میں ہوا تھا اور ہندوستان کا کہنا ہے کہ یہ حملہ پاکستان سے کام کرنے والی دہشت گرد تنظیم جئیش محمد نے کیا ہے ۔ واضح رہے کہ چند دن قبل ہی پاکستان کے ہائی کمشنر متعینہ ہند عبدالباسط نے کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے مابین قیام امن کا عمل معطل کردیا گیا ہے ۔ اس پر ہندوستان نے شدید رد عمل ظاہر کیا تھا اور کہا تھا کہ مواصلاتی رابطے مختلف سطحوں پر برقرار ہیں لیکن یہ واضح کیا تھا کہ وہ چاہتا ہے کہ بات چیت سے قبل پٹھان کوٹ حملہ پر کوئی کارروائی کی جائے ۔ اس دوران اسلام آباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب پاکستان ‘ہندوستان سے خواہش کریگا کہ تعطل کا شکار بات چیت کے عمل کو بحال کیا جائے ۔ دونوں ملکوں کے معتمدین خارجہ کے مابین کل بات چیت ہوگی ۔ سفارتی ذرائع نے کہا کہ اعزاز احمد چودھری ہندوستانی معتمد خارجہ جئے شنکر سے کل ملاقات کرینگے ۔ کہا گیا ہے کہ دونوں معتمدین مختلف مسائل پر بات چیت کرینگے اور پاکستان ماہ ڈسمبر میں کئے گئے اتفاق کے مطابق بات چیت کے عمل کو بحال کرنے پر زور دیگا ۔ پاکستانی ذرائع نے تاہم کہا کہ کل ہونے والی بات چیت میں کسی خاص پیشرفت کی امید نہیں ہے کیونکہ یہ ملاقات پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملہ کے پس منظر میں ہو رہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT