Saturday , April 29 2017
Home / شہر کی خبریں / ہنر میں مہارت اور ’’اپنا روزگار آپ‘‘ کی صلاحیت پیدا کرنے نوجوانوں کو مشورہ

ہنر میں مہارت اور ’’اپنا روزگار آپ‘‘ کی صلاحیت پیدا کرنے نوجوانوں کو مشورہ

سیاست و ایم ڈی ایف کے ووکیشنل کورس کی تکمیل پر سٹ ون کے سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے ، افتتاحی پروگرام سے جناب عامر علی خاں اور جناب عنایت علی باقری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 اپریل ۔ ( دکن نیوز) جناب عنایت علی باقری صدرنشین سٹ ون حکومت تلنگانہ نے کہا کہ ادارہ سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے گرمائی تعطیلات کے دوران ووکیشنل کورس کے تربیتی پروگرام کی تشکیل پر سٹ ون کی جانب سے بھی سرٹیفکٹس جاری کئے جائیںگے ۔ اس کے باعث تربیت یافتہ امیدواروں کیلئے روزگار کی فراہمی کویقینی بنانے کی ضمانت حاصل ہوگی ۔ انھوں نے اس موقع پر ادارہ سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے جو فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں اِن کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی ایم ڈی ایف سے وابستہ رہے ہیں اور آج بھی ان کی وابستگی نہ صرف برقرار ہے بلکہ آئندہ بھی وہ ایم ڈی ایف سے گہری وابستگی کو برقرار رکھیں گے ۔ جناب عنایت علی باقری آج شام سیاست گولڈن جوبلی ہال میں 14 ویں 45 روزہ سمر کیمپ کی افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی تقریر کررہے تھے ۔ انھوں نے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے ایم ڈی ایف کی سرگرمیاں اپنے مقصد کی تکمیل کی طرف رواں دواں ہیں۔ اس ادارہ کو رجسٹریشن کروانے کے لئے اُن کی کوششوں سے صرف ایک دن میں رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل ہوا تھا ۔ انھوں نے سٹ ون کے آئندہ پروگراموں کا ذکرتے ہوئے کہا کہ 20 مقامات پر کمپیوٹر سنٹرس قائم کئے گئے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ ایس ایس سی کامیاب طلباء کے لئے پانچ ہزار 5000اولا کیابس فراہم کئے جائیں گے جس سے نوجوان ماہانہ 30 تا 50 ہزار روپئے کماسکتے ہیں اسی طرح 20% لڑکیوں و خواتین کیلئے OLA She Cabs مختص کئے جائیں گے جس میں صرف خاتون مسافروں اور خاتون ڈرائیورس کو ہی کار چلانے کی اجازت دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ مصنوعی زیورات کی تیاری کا بھی پراجکٹ ہے جس کی مدد سے تقریباً 1000 امیدواروں کو روزگار فراہم کرناممکن ہے۔ انھوں نے کہاکہ بیوٹیشن تربیت کے ساتھ ساتھ لڑکیوں اور خواتین کو ورزش کی بھی تربیت دی جانی چاہئے ۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے 45 روزہ سمر کیمپ کا افتتاح بیانر کی اجرائی کے ذریعہ کیا۔ اس بیانر کو 51 مراکز کے ذمہ داروں میں تقسیم کیا گیاہے جن میں دونوں شہروں کے علاوہ ورنگل ، کاماریڈی اور دیگر اضلاع کے مراکز کے ذمہ داروں نے حاصل کیا ۔ جناب عامر علی خان نے سمر کیمپ سے استفادہ کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ اپنے اپنے ہُنر میں مہارت حاصل کریں اور اپنا روزگار آپ پیدا کرنے کی صلاحیت کو فروغ دیں۔ انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ سیاست اور ایم ڈی ایف کی کوششوں سے سینکڑوں طلباء و طالبات اور خواتین کو فائدہ ہوگا اور اُن کی معیشت کو مستحکم بنانے میں مدد مل سکے گی ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے ابتداء میں سمر کیمپ کے انعقاد کے مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ روزگار سے منسلک ان کورسیس کے ذریعہ 12 تا 14ہزار بیروزگار نوجوانوں نے استفادہ کیا ہے۔ گزشتہ سال سے فری میڈیکل کورس کے ذریعہ روزگار کے نئے امکانات فراہم کئے جارہے ہیں۔ محترمہ خدیجہ سلطانہ ڈائرکٹر کورس نے تمام مراکز کے ذمہ داروں اور اسٹاف کو مشورہ دیا کہ وہ زیرتربیت امیدواروں کو ہنرمند اور باصلاحیت بنائیں تاکہ اپنے اپنے شعبوں میں ان کی مانگ میں اضافہ ہوسکے اور روزگار کے حصول میں خودمکتفی بن جائیں۔ جناب ایم اے قدیر صدر آرگنائزنگ کمیٹی نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا ۔ جناب محمد برکت علی کوارڈینٹر نے تقریب کی کارروائی چلائی اور سنٹرس کے ناموں کا اعلان کیا ۔ جناب اے اے کے امین کی قرأت کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا ۔ جناب سید اصغر حسین نے شکریہ ادا کیا۔ اس افتتاحی تقریب میں کئی سنٹرس کے ذمہ داروں کے علاوہ جناب سید افتخار مشرف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ ، ڈاکٹر سید غوث الدین ، جناب افضل احمد ہنمکنڈہ ورنگل ، جناب محمد احمد ، محمد نصراﷲ خان ، صالح بن عبداﷲ باحاذق ، ڈاکٹر دردانہ ، کوثر جہاں ، ثمینہ خورشید ، رشیدہ ، محمد فریدالدین ، ترنم خان ، شبانہ نعیم ، مظفر علی ، جناب انصر کیو ایس ایم انڈیا ، شبانہ نعیم ، نورجہاں ، شمیم سلطانہ اور دوسروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر تمام رجسٹرڈ سنٹرس کو پمفلٹس ، درخواست فارمس اور بیانرس دیئے گئے ۔ سمر کیمپ کا آغاز 5اپریل سے ہوگا جو 20 مئی تک جاری رہے گا ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT