Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ہوٹلوں میں بیت الخلاء کی عدم سہولت پر بھاری جرمانہ

ہوٹلوں میں بیت الخلاء کی عدم سہولت پر بھاری جرمانہ

کئی ہوٹلیں مہر بند ، جی ایچ ایم سی کی پرانے شہر کے ہوٹلوں کے خلاف کارروائی
حیدرآباد۔13اپریل (سیاست نیوز) ہوٹل میں عدم صفائی اور بیت الخلاء کی سہولت کی عدم فراہمی کے علاوہ غیر قانونی ذبیحہ کے استعمال کے خلاف جاری مہم کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے آج پرانے شہر کے علاقوں میں بھی کاروائی شروع کردی گئی اور شاہ علی بنڈہ پر واقع ہوٹل شاہ غوث پر 30ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ جی ایچ ایم سی حدود میں جاری اس مہم کے دوران اب تک سینکڑوں ہوٹلوں پر دھاوے کئے جا چکے ہیں جن میں بیشتر ہوٹلوں کے انتظامیہ پر بھاری جرمانے عائد کئے جاچکے ہیں جبکہ کچھ ریسٹورنٹ کو مہر بند بھی کیا جا چکا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فراہم کی جانے والی تفصیلات کے مطابق شہر میں آج 11ہوٹلوں پر جرمانے عائد کئے گئے جن میں سنتوش دھابہ‘ ہوٹل شاہ غوث‘ گڈ لینڈس‘ سماء بار اینڈ ریسٹورنٹ ‘ حیات‘ گنگا جمنا‘ Qبیکرس‘ سٹی ڈائمنڈ‘ شیرٹن گرین باؤرچی‘ کے علاوہ ٹفن سنٹر شامل ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے بموجب دونوں شہروں میں ہوٹلوں پر دھاوے اور تنقیح میں شدت پیدا کی جائے گی۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق اب تک مہم کے دوران 11لاکھ 61ہزار 100 روپئے کے جرمانے عائد کئے گئے جبکہ آج ایک دن میں 89ہزار 500روپئے کے جرمانہ عائد کئے جائیں گے۔عہدیداروں نے بتایا کہ تاحال 165ہوٹل مالکین نے اپنے ہوٹل میں موجود بیت الخلاء کو عوام کے استعمال کے لئے کھلا رکھنے کیلئے رضامندی ظاہر کرچکے ہیں۔ بلدی حدود میں آج 95 ہوٹلوں کے مقفل بیت الخلاء عوام کیلئے کھول دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان بیت الخلاؤں کی صاف صفائی کے انتظامات ہوٹل انتظامیہ کی ذمہ داری ہوگی کیونکہ گاہکوں کو سہولت کی فراہمی ہوٹل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے لیکن بلدیہ کی اپیل پر ہوٹل انتظامیہ نے عوام کو بیت الخلاء کے استعمال سے نہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔آئندہ دنوں میں ہوٹلوں میں صاف صفائی کو بہتر بنانے کے علاوہ شہر کی ہوٹلوں میں پارکنگ کے مسئلہ پر بھی جی ایچ ایم سی اور ٹریفک پولیس کی جانب سے مشترکہ مہم چلائے جانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT