Sunday , May 28 2017
Home / شہر کی خبریں / ہوٹلوں میں عدم صفائی و غیر معیاری اشیا کے استعمال کی شکایات

ہوٹلوں میں عدم صفائی و غیر معیاری اشیا کے استعمال کی شکایات

مجلس بلدیہ کی جانب سے کارروائی کا آغاز ۔ حبشی گوڑہ میں ایک ہوٹل مہربند کردی گئی
حیدرآباد۔21فروری(سیاست نیوز) شہر کی ہوٹلوں میں عدم صفائی اور غیر معیاری اشیائے خورد و نوش کے علاوہ بدبودار گوشت کے استعمال کی شکایات کے بعد جی ایچ ایم سی نے شہر کی مختلف ہوٹلوں پر دھاوے کرکے حقائق سے آگہی کا فیصلہ کیا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں شہروں کے علاقوں میں موجود ہوٹلوں میں ناقص صفائی اور غیر معیاری پانی کی سربراہی کے علاوہ کئی شکایات موصول ہونے لگی ہیں جنکے پیش نظر جی ایچ ایم سی نے اچانک دھاؤوں کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے ان ہوٹلوں کے خلاف کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن ہوٹلوں میں ناقص اور غیر معیاری صفائی کے ساتھ غیر معیاری اشیائے خورد و نوش استعمال کئے جا رہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے شعبہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ہوٹلوں یا طعام خانوں میں غیر معیاری اشیا کے متعلق جو کوئی شکایت موصول ہو رہی ہے اس کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور بغیر کسی ہنگامہ آرائی کے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جہاں کہیں شکایات میں صداقت پائی جا رہی ہے ان کے خلاف کاروائی سے گریز نہیں کیا جا رہا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ دھاؤوں کے دوران کوئی ہنگامہ آرائی سے اس لئے گریز کیا جا رہا ہے کیونکہ بعض بے بنیاد شکایات کے سبب ہوٹل مالکین کی تجارت متاثر ہو رہی ہے اسی لئے مکمل تفصیلات اکٹھا کرنے کے بعد ہی اس سلسلہ میں کوئی کاروائی کے متعلق واقف کروایا جا رہا ہے ۔ ہوٹلوں میں استعمال کئے جانے والے گوشت‘ تیل ‘ پانی‘ کے علاوہ دیگر مصالحہ جات کے متعلق تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں اور ان ہوٹلوں و طعام خانوں کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں جو مسلمہ مسالخ سے گوشت حاصل نہیں کرتے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کو موصول ہونے والی شکایات میں نہ صرف غیر معیاری اشیائے خورد و نوش کی فروخت کی شکایات موصول ہو رہی ہیں بلکہ کئی مقامات پر ایم آر پی سے زائد رقم کی وصولی کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں لیکن اس شکایت پر کاروائی جی ایچ ایم سی کے دائرہ اختیار میں نہ ہونے کے سبب ان شکایات کو متعلقہ محکمہ سے رجوع کرنے کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ محکمہ لیگل میٹرولوجیکل کے عہدیداروں سے اس سلسلہ میں مشاورت کے بعد اس مسئلہ کے حل کے بھی اقدامات کرلئے جائیں گے۔جی ایچ ایم سی کے شعبہ صحت کے عہدیداروں نے آج حبشی گوڑہ میں واقع ہوٹل روچی باورچی میں غیر معیاری اشیائے خورد نوش ضبط کرتے ہوئے اسے مہر بند کردیا۔بتایاجاتا ہے کہ شکایت موصول ہونے کے بعد جی ایچ ایم سی کی جانب سے تمام تفصیلات اکٹھا کرتے ہوئے اس بات کا جائزہ لیا گیا اور آج صبح اچانک دھاوا کرتے ہوئے اس ہوٹل میں تیار کئے جانے والے غیر معیاری گوشت و دیگر اشیاء کو ضبط کرکے ہوٹل کو مہر بند کردیا گیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT