Monday , March 27 2017
Home / شہر کی خبریں / ہوٹل میں کتے کے گوشت کے استعمال کی اطلاع غلط

ہوٹل میں کتے کے گوشت کے استعمال کی اطلاع غلط

شاہ غوث ہوٹل سے حاصل کردہ گوشت خالص بکرے کا ‘ بلدیہ کی رپورٹ
حیدرآباد 9 جنوری (سیاست نیوز ) مجلس بلدیہ حیدرآباد نے واضح کردیا ہے کہ شاہ غوث ہوٹل گچی باؤلی میںاستعمال کیا جانے والا گوشت خالص بکرے کا گوشت ہے اور اس میںکتے کا گوشت ملائے جانے کی اطلاعات بالکلیہ غلط رہیں۔ چیف وٹرنری آفیسر جی ایچ ایم سی نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 13 ڈسمبر 2016 کو اس تعلق سے سوشیل میڈیا پر افواہیں پھیلائی گئی تھیں ۔ اس کے بعد ہوٹل سے گوشت کے نمونے حاصل کئے گئے تھے اور انہیں بکرے کے گوشت سے متعلق نیشنل ریسرچ سنٹر کو روانہ کیا گیا تھا ۔ اس کا معائنہ کیا گیا ہے ۔ جو معائنے کئے گئے ان کی رپورٹس کے مطابق یہاں استعمال کیا جانے والا گوشت خالص بکرے کا گوشت ہے اور اس میں کسی اور گوشت کی آمیزش کا پتہ نہیں چلا ہے ۔ واضح رہے کہ شر پسند عناصر نے اس ہوٹل میں کتے کا گوشت استعمال کئے جانے کی افواہ سوشیل میڈیا پر پھیلائی تھی اور کچھ نیوز چینلس نے بھی اسے نشر کیا تھا ۔ اس کے بعد بلدیہ نے گوشت کے نمونے حاصل کئے تھے اور جانچ میں یہ افواہ بالکلیہ غلط ثابت ہوئی ۔ہوٹل انتظامیہ نے اسی وقت ان افواہوں کو مسترد کردیا تھا اور انہوں نے ہوٹل کو بدنام کرنے کی سازش کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سوشیل میڈیا پر عمدا یہ افواہ پھیلانے والے شر پسند شخص کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میںبھیج دیا تھا ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT