Friday , March 31 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہیراتھ کی شاندار بولنگ ، بنگلہ دیش کو 259 رنز کی شکست

ہیراتھ کی شاندار بولنگ ، بنگلہ دیش کو 259 رنز کی شکست

گال ۔ 11 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) کپتان رنگنا ہیراتھ کی شاندار بولنگ کی بدولت میزبان سری لنکا نے بنگلہ دیش کو دوسری اننگز میں 197 رنز پر ڈھیر کرتے ہوئے 259 رنز کی کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ پہلے ٹسٹ میں بنگلہ دیشی ٹیم ایک ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں 200 رنز کا ہندسہ بھی عبور نہیں کرپائی ، حالانکہ مہمان اوپنرس تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے پہلی وکٹ کیلئے صرف 16 اوورس میں 67 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ بنگلہ دیشی ٹیم کو شکست سے محفوظ رہنے کیلئے آج آخری دن کا کھیل مکمل کرنا تھا ، لیکن رنگنا ہیراتھ نے 59 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی مقابلہ کو ڈرا کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا ۔ دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کیلئے سب میں زیادہ انفرادی اسکور سومیا سرکار نے بنایا ، جیسا کہ انھوں نے 49 گیندوں میں 6چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں تیز رفتار 59 رنز اسکور کرتے ہوئے جوابی وار کی ناکام کوشش کی ۔ دیگر بیٹسمینوں میں وکٹ کیپر بیٹسمین لٹن داس نے 35 ، کپتان مشفق الرحیم 34 اور مہدی حسن معراج نے 28 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ٹیم کیلئے اہم بیٹسمین تصور کئے جانے والے شکیب الحسن 8 رنز اور محموداﷲ صفر پر آوٹ ہوئے ۔ قبل ازیں سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز کے بعد ختم کردی جس میں اُپل تھرنگا نے شاندار 115 رنز بنائے ۔ شکیب الحسن اور مہدی حسن نے فی کس دو میزبان کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پہلی اننگز میں شاندار 194 رنز اسکور کرنے والے کوشل مینڈیس کو مقابلہ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT