Tuesday , September 19 2017
Home / شہر کی خبریں / ہیلمٹ مہم ’ سسٹرس فار چینج ‘ پر عوام کا غیر معمولی ردعمل

ہیلمٹ مہم ’ سسٹرس فار چینج ‘ پر عوام کا غیر معمولی ردعمل

ٹی آر ایس ایم پی کے کویتا کی انوکھی مہم کو مختلف شعبہ حیات سے تائید و حمایت
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی دختر ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ کویتا کی جانب سے ہیلمٹ پہننے کے لیے شروع کردہ انوکھی مہم ’ سسٹرس فار چینج ‘ کو زبردست عوامی تائید حاصل ہورہی ہے ۔ چیف منسٹر اڑیسہ نوین پٹنائک مختلف سیاسی قائدین کھلاڑیوں کے علاوہ مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص خواتین اس کی بھر پور تائید کرنے انوکھی مہم کو کامیاب بنانے میں تعاون کررہے ہیں ۔ حلقہ لوک سبھا نظام آباد کی نمائندگی کرنے والی کویتا نے تلنگانہ تحریک میں تلنگانہ جاگرتی نامی تنظیم تشکیل دیتے ہوئے عوامی شعور بیدار کرنے میں اہم رول ادا کیا ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ تہذیب کی عکاسی کرنے والی خواتین سے متعلق تہوار بتکماں کو اسٹیٹ تہوار کا درجہ دینے میں نہ صرف اہم رول ادا کیا بلکہ اس کو ہندوستان کے علاوہ بیرونی ممالک میں بھی بڑے پیمانے پر منانے کی شروعات کی ۔ ’ راکھی ‘ ہندو مذہب میں بھائیوں اور بہن کے پیار و محبت کا مقدس تہوار ہوتا ہے ۔ جس کو راکھی بندھن کہا جاتا ہے ۔ کویتا نے حالیہ سڑک حادثات بالخصوص ٹو وہیلرس ( بائیکس ) کے حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں کو ہیلمٹ پہن کر گاڑی چلانے کے لیے ایک انوکھی مہم کا سوشیل میڈیا پر ’ سسٹرس فار چینج ‘ کے نام سے آغاز کیا ہے ۔ جس میں کویتا نے بھائیوں کو راکھی باندھنے والی بہنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بھائیوں کو راکھی باندھنے کے بعد ان سے ایک وعدہ لیں کہ وہ کبھی بغیر ہیلمٹ کے گاڑی نہیں چلائیں گے اور ساتھ ہی بہنوں کو اپنے بھائیوں کو ہیلمٹ تحفے میں دینے کی بھی اپیل کی ہے ۔ کویتا کی جانب سے ٹیوٹر ، فیس بک وغیرہ پر شروع کردہ اس مہم پر زبردست عوامی ردعمل حاصل ہورہا ہے ۔ چیف منسٹر اڑیسہ نوین پٹنائک نے اس مہم کی بھر پور ستائش کرتے ہوئے ٹیوٹر پر کویتا کو مبارکباد دی ہے ۔ اس کے علاوہ بیڈ منٹین کی کھلاڑیوں میں سائینا نہیوال ، گٹہ جوالہ ، ہندوستانی مہیلا کرکٹ ٹیم کی کیپٹن میتھالی راج آسام کے رکن پارلیمنٹ گوگوئی ، کے علاوہ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے اس مہم کی تائید کی ہے ۔ کویتا نے چیف منسٹر اڑیسہ کے ردعمل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس مہم کی تائید کرنے اور انہیں آشیرواد دینے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ یہ مہم اڑیسہ میں بھی کامیاب رہے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT