Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر حیدرآباد دیکھئے…صرف 4000 روپئے

ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر حیدرآباد دیکھئے…صرف 4000 روپئے

حیدرآباد 23 فروری (سیاست نیوز) حیدرآباد کے شہری بہت جلد ہیلی کاپٹر میں سیر کرتے ہوئے فضاء سے اپنے تاریخی شہر کا دلفریب نظارہ کرسکیں گے۔ تلنگانہ کے وزیر سیاحت اجمیرہ چندولعل نے اس ضمن میں تلنگانہ کارپوریٹ جوائے رائیڈ ٹسٹ کا بروشر جاری کیا جس کے مطابق یہ سیاحتی میلہ 18 مارچ تا 3 اپریل گچی باؤلی میں منعقد ہوگا۔ جس میں کئی رقص، نغمہ و موسیقی، آتشبازی و ہوا بازی کے علاوہ فیشن شوز، بیلی ڈانس پروگرامس بھی شامل ہیں۔ لیکن سب سے اہم ہیلی کاپٹر پرواز ہے جس کے ذریعہ شہریوں کو فی کس 3999 روپئے کی قیمت پر موتیوں کے خوبصورت شہر کی فضائی سیر و تفریح کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ 30 منٹ کی پرواز کا گچی باؤلی اسٹیڈیم سے آغاز ہوگا اور پیپلز پلازہ، ٹینک بینڈ، برلا مندر، اسمبلی بلڈنگس، سالار جنگ میوزیم، ہائی کورٹ ، چارمینار، قلعہ گولکنڈہ ، گنبدان قطب شاہی، فلک نما پیالس، راموجی فلم سٹی اور ہائی ٹیک سٹی کی ہوائی سیر کروائی جائے گی۔ ایئر ایویئشن سرویس کی طرف سے یہ خدمات فراہم کی جارہی ہیں جس کے نتیجہ میں شہریوں کو فی کس صرف 4000 روپئے میں اس فیسٹیول میں ایک دن کیلئے شرکت اور اپنے شہر کا فضائی مشاہدہ کرنے کا منفرد موقع حاصل ہوگا۔ علاوہ ازیں فیسٹیول میں ایک دن کیلئے داخلہ فیس 999 روپئے ہوگی۔ اجمیرہ چندولعل نے کہاکہ ’’حیدرآباد ، دنیا کے چند بہترین شہروں میں ایک ہے اور ہمارا مقصد ہے کہ اس کے شہریوں اور سیاحوں کو حیدرآباد کی خوبصورتی دکھائی جائے‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ سیر و سیاحت کے شائقین کے لئے ہیلی کاپٹر پرواز ایک بہترین موقع ہے اور توقع ہے کہ حیدرآباد کے شہریان اور سیاح اس منفرد موقع سے استفادہ کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT