Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ہ9ہزار ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کے مراحل مکمل

ہ9ہزار ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کے مراحل مکمل

مزید 1700 مکانات کیلئے دوبارہ ٹنڈرس کی طلبی ، ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ
حیدرآباد۔14 ستمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے 12 مختلف مقامات پر 9,000 ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کیلئے تمام مراحل مکمل کرلئے گئے ہیں۔ توقع ہے کہ تعمیری کام بہت جلد شروع ہوجائیں گے۔ 9 مقامات پر ان مکانات کی تعمیر کیلئے بعض اداروں نے پہل کی ہے جبکہ سیری لنگم پلی کے یلماں بنڈہ، ابراہیم پٹنم کے دومائی گوڑہ، باٹا سنگارم علاقہ میں 1700 مکانات کی تعمیر کیلئے تاحال کسی نے دلچسپی ظاہر نہیں کی چنانچہ یہاں دوبارہ ٹنڈر اعلامیہ جاری کئے جائیں گے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انجینئرنگ وِنگ کے عہدیداروں نے ایک مرتبہ پھر ٹنڈرس طلب کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض تعمیری اداروں کا یہ موقف ہے کہ مصارف کا تخمینہ کافی کم کیا گیا ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے تارک راما راؤ نے کہا تھا کہ مکانات کی تعمیر کے سلسلے میں اداروں کو یہ پہلو بھی پیش نظر رکھنا چاہئے کہ وہ سماجی ذمہ داری ادا کررہے ہیں۔ ان کے اسی مشورہ کی بنیاد پر بعض اداروں نے ٹنڈرس میں حصہ لیا۔ چیف سٹی پلانر دیویندر ریڈی خانگی اراضیات پر تعمیر کیلئے متعلقہ افراد کو رضامند کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ عہدیداروں کے مطابق حیدرآباد میں ایک لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات کے منجملہ 67,000 کی تعمیر کیلئے ٹنڈرس کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ تقریباً 15,000 مکانات کیلئے دو تا تین مرتبہ ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 22 ستمبر کو مزید 31,000 ڈبل بیڈروم مکانات کیلئے طلب کردہ ٹنڈرس کھولے جائیں گے اور ایک لاکھ مکانات کیلئے ٹنڈرس طلبی کا یہ کام مکمل ہوگا۔ اب تک 60,000 مکانات کیلئے تعمیری کاموں کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ 109 علاقوں میں ایک لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا منصوبہ پہلے ہی تیار کرلیا گیا ہے۔ حکومت اندرون دو سال یہ کام مکمل کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT