Monday , September 25 2017
Home / ہندوستان / یاتریوں پر حملہ :واقعہ کی تحقیقات کرانے جماعت اسلامی کا زور

یاتریوں پر حملہ :واقعہ کی تحقیقات کرانے جماعت اسلامی کا زور

سری نگر ۔ 11 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) جماعت اسلامی جموں وکشمیر نے امرناتھ یاتریوں پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس طرح کی حرکات کو بزدلانہ قرار دیا ہے ۔ جماعت اسلامی نے کہا کہ ایسے واقعات صرف وہی لوگ انجام دے سکتے ہیں جو ذہنی طور پر دیوالیہ ہوچکے ہوں۔جماعت اسلامی جموں وکشمیر کے ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ جماعت حملے میں انسانی جانوں کے تلف ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تمام انصاف پسند اورباضمیر لوگوں کوآگے آکر واقعہ کی کسی بین الاقوامی ادارے کے ذریعے حقائق معلوم کرنے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے پر زور دیتی ہے تاکہ اسلام جیسے نظام رحمت کو بدنام کرنے کا کسی اسلام دشمن قوت کو موقع میسر نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے غیر انسانی اور بے رحمانہ واقعات کی اسلام میں قطعی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے ۔

یاتریوں کی گاڑی پر حملے میں لشکر طیبہ ملوث: آئی جی پی
سری نگر ۔ 11 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر کے انسپکٹر جنرل آف پولیس منیر احمد خان نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں گذشتہ رات امرناتھ یاتریوں کی بس پر ہونے والے حملے میں جنگجو تنظیم لشکر طیبہ ملوث ہے ۔انہوں نے کہا کہ یاتریوں پر حملہ لشکر طیبہ کے جنگجوؤں نے انجام دیا ہے۔ خان نے دعویٰ کیا کہ حملہ پاکستانی لشکر جنگجو اسماعیل کے کہنے پر انجام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کی گاڑی پر حملے میں پانچ سے چھ جنگجو ملوث ہیں۔ تاہم جنگجو تنظیم (لشکر طیبہ) نے اس حملے میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے ۔

 

TOPPOPULARRECENT