Tuesday , September 26 2017
Home / ہندوستان / یاتریوں پر دہشت گرد حملہ، صدرجمہوریہ کا اظہار افسوس و برہمی

یاتریوں پر دہشت گرد حملہ، صدرجمہوریہ کا اظہار افسوس و برہمی

نئی دہلی 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے امرناتھ یاتریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت جموں و کشمیر اور دیگر متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ خاطیوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور سخت سزاؤں کو یقینی بنائیں۔ صدر پرنب مکرجی نے جموں و کشمیر کے گورنر این این ووہرہ کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ ’’بے قصور افراد کو نشانہ بناتے ہوئے کئے جانے والے اس قسم کی دہشت گردی کی حواس باختہ کارروائیاں دراصل سماج کے جمہوری اقدار پر حملے کے مترادف ہیں اور اس کی بیک آواز سخت مذمت کی جانی چاہئے۔ ان سے عزم اور اجتماعی اقدامات کے ذریعہ نمٹا جانا چاہئے‘‘۔ انھوں نے کہاکہ حکومت جموں و کشمیر اور دیگر تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ سازشی عناصر کو کیفر کردار تک پہونچانے اور امن و قانون کی برقراری کو یقینی بنائیں‘‘۔ صدر پرنب مکرجی نے کہاکہ ’’اننت ناگ میں امرناتھ یاتریوں پر حملے کی اطلاع پر مجھے سخت صدمہ پہونچا ہے‘‘۔

 

یاتریوں کی ہلاکت بدبختانہ واقعہ محبوبہ مفتی کا ردعمل
سری نگر ۔ 11 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جنوبی ضلع اننت ناگ کے بٹنگو میں پیش آئے حملے کو ایک بہت بڑا سانحہ قرار دیا ہے ۔ اس حملے میں 7 امرناتھ یاتری ہلاک جبکہ کم از کم ڈیڑھ درجن دیگر زخمی ہوگئے ۔محبوبہ مفتی نے گذشتہ رات اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ سے ہم سب کشمیریوں کے سر جھک گئے ہیں۔ یہ لوگ تمام مشکلوں کے باوجود یہاں یاترا کیلئے آتے ہیں۔ آج 7 لوگوں کی جان چلی گئی ۔ میں سمجھتی ہوں کہ اس سے بڑا سانحہ کوئی ہو نہیں سکتا۔ انہوں نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس اس حملے کی مذمت کرنے کے لئے الفاظ نہیں ہیں۔ جو بھی اس میں ملوث ہیں، انہوں نے آج مسلمانوں اور کشمیریوں کے نام پر ایک بڑا دھبہ لگادیا۔ میں امید کرتی ہوں کہ جو کوئی لوگ اس میں ملوث ہوں گے کو فوری طور پر پکڑ کر کڑی سے کڑی سزا دی جائے ۔

TOPPOPULARRECENT