Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / یادداشت اور پرسنالیٹی ڈیولپمنٹ کا خصوصی کورس

یادداشت اور پرسنالیٹی ڈیولپمنٹ کا خصوصی کورس

ادارہ فیلٹ اور روزنامہ سیاست کا مشترکہ پروگرام ، مس لارانیلے کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ادارہ فیلٹ اور روزنامہ سیاست کی جانب سے یادداشت کو بہتر کرنے اور پرسنالیٹی ڈیولپمنٹ کا ایک خصوصی کورس منعقد کیا گیا تھا ۔ اس کی تکمیل پر گریجویشن تقریب منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر مس لارانیلے سینئیر انگلش لینگویج فیلو امریکن کونسلیٹ حیدرآباد نے بہ حیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ میں آٹھ سال سے ٹیچنگ کررہی ہوں لیکن ابھی بھی اسٹیج پر آکر تقریر کرنے کے تصور سے میرے پیٹ میں تتلیاں ناچتی ہیں لیکن آج یہ کم عمر طلبہ کو تقریر کرتے ہوئے دیکھ کر مجھے بے حد مسرت ہوئی ۔ اس طرح سے بولنے کے لیے ہمت اور خود اعتمادی کی ضرورت ہوتی ہے جو ان طلبہ میں بڑی عمدگی سے اور بہت ہی قلیل مدت میں اجاگر کی گئی ۔ اس کورس میں جن عنوانات کا احاطہ کیا وہ آج کے جدید دور میں ہر طالبعلم کو عملی زندگی میں کامیابی کے لیے بے حد ضروری ہے ۔ یادداشت پر مبنی مظاہروں کے مشاہدے کے بعد مس لارا کا تاثر یہ تھا کہ یہ جادو تو نہیں ہے لیکن جادو سے کم بھی نہیں ہے ۔ میں ان مظاہروں کو دیکھ کر دم بخود رہ گئی ہوں ۔ خاص طور پر جب انہیں یہ پتہ چلا کہ یہ سب صرف چھ دن کی تربیت میں ہوا ہے تو انہوں نے اس کورس کے ٹرینر جناب مصطفی پرویز کا یہ غیر معمولی کارنامہ قرار دیا اور کہا کہ دنیا میں ایسے ٹرینرز بہت کمیاب ہیں ۔ میں آج اپنے آپ کو یہاں پاکر خوش قسمت سمجھ رہی ہوں اور مجھے ایک نیا حوصلہ ملا ہے ۔ آخر میں مس لارا نے ادارہ فیلٹ اور روزنامہ سیاست کا انہیں ایک بہت ہی معیاری اور منفرد پروگرام میں مدعو کرنے کا شکریہ ادا کیا ۔ پروگرام کے آخر میں بہترین مقررین اور یادداشت کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں مس لارا نے انعامات تقسیم کیے ۔ نظامت کے فرائض مہک مصطفی نے انجام دئیے ۔ جناب عرفان جابری سینئیر جرنلسٹ روزنامہ سیاست نے بھی طلبہ کو مخاطب کیا اور مفید مشورے دئیے ۔ اسی طرح کے دو اور مظاہرے اور تعارفی پروگرام 21 اور 22 اکٹوبر کو شام 6 بجے تا 8 بجے گولڈن جوبلی ہال اندرون احاطہ سیاست عابڈز پر رکھے گئے ہیں ۔ طلبہ اور اولیاء طلبہ اس میں مفت شرکت کرسکتے ہیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9246177228 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT