Wednesday , October 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / یاسرشاہ نے ثقلین مشتاق کا ریکارڈ برابر کردیا

یاسرشاہ نے ثقلین مشتاق کا ریکارڈ برابر کردیا

دبئی ۔ 8 اکتوبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے اسپنر یاسر شاہ نے سری لنکا کے خلاف دبئی میں جاری دوسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرکے 13 ویں مرتبہ ٹسٹ اننگز میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ ثقلین مشتاق اور فضل محمود کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔یاسر شاہ نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والی سری لنکن ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس کی بدولت سری لنکا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 482 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ٹسٹ کیریر کے 28 ویں میچ میں یاسر شاہ نے 13 مرتبہ ایک اننگز میں 5 یا اس سے زائد کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اس ریکارڈ میں شعیب اختر کو پیچھے چھوڑ دیا۔پاکستان کے عظیم کھلاڑی فضل محمود نے 34 اور ثقلین مشتاق نے 49 میچوں میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم 25 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے کر سرفہرست ہیں، عمران خان نے 23، وقار یونس نے 22، عبدالقادر اور دانش کنیریا نے بالترتیب 15، 15 مرتبہ ایک اننگز میں 5 سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔یاسرشاہ نے اس دوران ٹسٹ کرکٹ میں عمر گل کی جانب سے 163 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا اس طرح وہ پاکستان کی جانب سے زیادہ وکٹیں لینے والے مشترکہ طور پر 12ویں بولر بن گئے ہیں۔وسیم اکرم اس فہرست میں 414 وکٹیں لے کر سرفہرست ہیں، وقار یونس 373، عمران خان 362، دانش کنیریا 261 اور عبدالقادر 236 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔یاد رہے کہ یاسر شاہ نے گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ سیریز میں اپنے ابتدائی 17 میچوں میں 100 وکٹیں حاصل کرکے ایشیا کے پہلے اور دنیا کے مشترکہ طور پر دوسرے بولر بن گئے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT