Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / یاسرشاہ نے جیمس اینڈرسن سے پہلا مقام چھین لیا

یاسرشاہ نے جیمس اینڈرسن سے پہلا مقام چھین لیا

لارڈز۔18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) لارڈز ٹسٹ میں دس وکٹیں لے کر پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف کامیابی  سے ہمکنار کروانے والے یاسر شاہ کو شاندار بولنگ کا انعام مل گیا ہے اور ٹسٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے مقام  پر پہنچ گئے ہیں جہاں سے انہوں نے میزبان فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن  کو بے دخل کردیا ہے جو زخمی ہونے کی وجہ سے لارڈز ٹسٹ میں شرکت سے محروم رہے۔لارڈز ٹسٹ شروع ہونے سے پہلے  پاکستانی لیگ اسپنر عالمی درجہ بندی میں چوتھے درجے پر موجود تھے تاہم انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں دس وکٹیں لے کر وہ عالمی نمبر ایک بولر بن گئے ہیں۔پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 339 رنز بنائے لیکن یاسرشاہ نے 6 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو پہلی اننگز میں سبقت دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔دوسری اننگز میں 30 رنز کی اہم اننگز کھیلنے والے یاسر شاہ نے جہاں اسکور کو معقول مجموعہ تک پہنچایا تو دوسری اننگز میں بھی یاسرکی بل کھاتی گیندوں کا انگلش بیٹسمینوں کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، یاسرشاہ نے دوسری اننگز میں 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔میچ میں دس وکٹوں کی بدولت وہ ناصرف بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے بلکہ درجہ بندی  کے  878 نشانات کے ساتھ عالمی نمبر ایک بولر بھی بن گئے ہیں۔یاسر شاہ گزشتہ 20 سال میں عالمی نمبر ایک بولر بننے والے پہلے پاکستانی ہیں جہاں اس سے قبل دسمبر 1996 میں مشتاق احمد اس مقام پر فائز ہوئے تھے۔ وہ 2005 کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے لیگ اسپنر ہیں، اس سے قبل دسمبر 2005 میں شین وارن نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ وہ ناصرف پاکستان بلکہ ایشیا کے واحد بولر ہیں جنہوں  نے لارڈز میں دس وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔یاسر کے ہمراہ دونوں اننگز میں عمدہ بیٹنگ کرنے والے اسد شفیق بھی دو درجہ ترقی کر کے 11 نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ سرفراز کی بھی ترقی ہوئی ہے اور وہ 17ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔تاہم یونس خان تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ مصباح الحق نویں نمبر پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے 11 وکٹیں لینے والے کرس ووکس نے 28 درجے ترقی کی اور وہ عالمی درجہ بندی میں کیریئر کی بہترین 36واں مقام حاصل کرلیا ہے جبکہ بیئراسٹو بھی دو درجہ ترقی کے بعد کیریئر کی بہترین 16واں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ یاسر شاہ لارڈز میں 10 وکٹیں حاصل کرکے، ایسا کرنے والے پہلے ایشائی کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔اس سے قبل پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے لارڈز ٹسٹ میں آسٹریلیا کے سابق بولر چارلی ٹرنر کا 13 ٹسٹ میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا 123 سالہ قدیم ریکارڈ اپنے نام کرلیا اور تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے کے ریکارڈ کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ یاسر شاہ نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرکے اپنی وکٹوں کی تعداد 82 کر لی جو ٹرنر سے ایک وکٹ زیادہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT