Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / یاسر زخمی، آج انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹسٹ میں شرکت مشکوک

یاسر زخمی، آج انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹسٹ میں شرکت مشکوک

پاکستان کیلئے جھٹکہ ، کپتان مصباح کو اعتراف ۔ زخمی یاسر شاہ کی وجہ سے بطور احتیاط لیفٹ آرم اسپنر ظفر گوہر کی طلبی

ابوظہبی ، 12 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل ہی ایک اور بڑا جھٹکہ لگا ہے اور اظہر علی کے بعد لیگ اسپنر یاسر شاہ بھی پہلے ٹسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مڈل آرڈر بیٹسمن اظہر علی پیر میں انفکشن کے سبب کل یہاں شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میچ سے باہر ہو چکے ہیں۔ تاہم پاکستان کیلئے سب سے بری خبر اسپنر یاسر شاہ کی انجری ہے جس کے سبب خدشہ ہے کہ وہ پہلا ٹسٹ میچ نہیں کھیل پائیں گے۔ نٹ سیشن کے دوران گیند بازی کرتے ہوئے یاسر کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوئے جس کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے۔ ٹیم منیجر انتخاب عالم کے مطابق یاسر کی کمر کی تکلیف کا فزیو جائزہ لے رہے ہیں۔ تاہم انہیں امید ہے کے لیگ اسپنر میچ کے آغاز سے پہلے مکمل فٹنس حاصل کر لیں گے۔ دوسری طرف پاکستانی کپتان مصباح الحق نے بھی یاسر کی انجری کو بڑا جھٹکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی میچ میں شرکت مشکل نظر آ رہی ہے۔ میچ سے قبل پریس کانفرنس میں کپتان مصباح نے واضح کیا کہ یاسر کو کھلانے یا آرام کرانے کا فیصلہ میچ کی صبح لیا جائے گا۔ تاہم ان کی میچ میں شرکت فی الحال مشکل نظر آرہی ہے۔ مصباح نے مزید کہا کے یاسر کی انجری کے بعد تمام تر دبائو بلے بازوں پر آگیا ہے اور اب انہیں میچ میں کامیابی دلانے کی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ واضح رہے کہ 2012ء کی ٹسٹ سیریز میں پاکستان نے اسپنرز سعید اجمل اور عبدالرحمان کی شاندار گیندبازی کی بدولت اس وقت کی عالمی نمبر ایک ٹیم انگلینڈ کو سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کیا تھا۔ اس مرتبہ بھی پاکستان اسپنرز یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر کے ذریعے وہی کارنامہ دہرانے کیلئے پرعزم ہے۔ دریں اثناء پاکستان نے لیف آرم اسپنر ظفر گوہر کو زخمی یاسر شاہ کیلئے ’بیک اپ‘ کے طور پر طلب کرلیا ہے، جو ابھی تک کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج کہا کہ ظفر جو شارجہ میں انگلینڈ کے خلاف دو پریکٹس میچز کھیل چکے ہیں، وہ عارضی متبادل ہوں گے۔ پی سی بی نے کہا کہ یاسر شاہ کے تعلق سے فیصلہ میچ کی صبح کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT