Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / یاسر شاہ کا ڈوپ ٹسٹ مثبت، آئی سی سی کی جانب سے پاکستانی بولر معطل

یاسر شاہ کا ڈوپ ٹسٹ مثبت، آئی سی سی کی جانب سے پاکستانی بولر معطل

دبئی۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ڈوپ ٹسٹ مثبت آنے پر پاکستانی اسپنر یاسر شاہ کو معطل کر دیا اور ان پر طویل پابندی کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔آئی سی سی کے مطابق لیگ اسپنر یاسر شاہ کا ڈوپ ٹسٹ 13 نومبرکو ہوا تھا جس میں  یاسر شاہ نے کورثیلیڈون نامی ایک دوا کا استعال کیا جو کہ واڈا قوانین کے تحت ممنوع ہے۔ اس سے قبل آئی سی سی نے سری لنکائی بیٹسمین کشال پریرا کو ڈوپ ٹسٹ مثبت آنے پر معطل کردیا تھا اور انہیں دورہ نیوزی لینڈ سے واپس بھیج دیا گیا تھا۔ پریرا کے ڈوپ ٹسٹ کے دوسرے سیمپل کا نمونہ بھی مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں چار سال کی پابندی کا سامنا ہے۔یاد رہے کہ اس سال یاسر شاہ عالمی سطح پر 49 وکٹیں لے کر پاکستان کے سب سے کامیاب بولرثابت ہوئے ہیں۔ اس وقت ٹسٹ کی عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود یاسر شاہ نے اپنا ٹسٹ کریر کا آغاز گزشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہوئی سیریز میں کیا تھا اور پہلی سیریز میں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا تھا۔ انہوں نے اپنی شاندار بولنگ کی بدولت ناصرف پابندی کا شکار سعید اجمل کی کمی پوری کی بلکہ پاکستان کی فتوحات میں بھی مرکزی کردار ادا کرتے رہے۔ ان ہی مظاہروں کی وجہ سے سابق عظیم لیگ اسپنر شین وارن ان کے بڑے مداح بن گئے اور انہوں نے متحدہ عرب امارات میں یاسر سے ملاقات کرنے کے علاوہ  انہیں موجودہ دور کا بہترین لیگ اسپنر قرار دیا تھا۔ یاسر کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں سال سری لنکا اور انگلینڈ دونوں کے خلاف ٹسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا جبکہ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں یاسر زخموں  کے سبب شرکت نہیں کر سکے تھے۔ یاسر کے ڈوپ ٹسٹ کا دوسرا نمونہ مثبت آنے کی صورت میں ان پر آئی سی سی  طویل  پابندی عائد کر سکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT