Friday , October 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / یاسر شاہ کے سامنے انگلش بیٹنگ لڑکھڑا گئی

یاسر شاہ کے سامنے انگلش بیٹنگ لڑکھڑا گئی

لندن۔ 15 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) یاسر شاہ نے انگلینڈ کے تین اہم بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے پاکستان کے خلاف 339 رنز کے جواب میں جارحانہ آغاز کو غیر موثر کردیا، تادم تحریر انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنالیے۔پاکستان کو اننگز کے دوسرے اوور میں ہی آٹھ کے مجموعے پر اس وقت کامیابی ملی جب راحت علی نے ایلکس ہیلز کو آؤٹ کیا۔تاہم اس کے بعد جو روٹ اور ایلسٹر کک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے تیزی سے رنز بٹورے۔پاکستان کو جلد ہی دوسری وکٹ حاصل کرنے کا موقع ملا لیکن سلپ میں کھڑے محمد حفیظ 22 رنز پر کھیلنے والے کُک کا آسان کیچ نہ تھام سکے۔اس کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے پاکستانی بولرز کو مزید کوئی اور موقع نہ دیا اور کھانے کے وقفے تک کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی۔جب کھانے کا وقفہ ہوا تو انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 64 رنز بنائے تھے، کُک 35 اور روٹ 23 رنز پر کھیل رہے ہیں تاہم وقفے کے بعد جوروٹ 118 کے اسکور پر 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے انھیں یاسر شاہ نے نشانہ بنایا۔محمدعامر نے الیسٹر کک کے لیے مشکلات کھڑی کیں لیکن سرفراز احمد وکٹوں کے پیچھے ایک آسان کیچ لینے میں ناکام رہے اور عامر کو وکٹ لینے کا دوسرا موقع بھی ضائع ہوگیا۔یاسر شاہ نے پاکستان کے لئے تیسری کامیابی جیمز وینس کو آؤٹ کرکے دلادی جبکہ اپنی نپی تلی باؤلنگ کو جاری رکھتے ہوئے انگلینڈ کا چوتھا کھلاڑی گیری بیلنس کو آؤٹ کردیا وہ صرف 6 رنز بنا سکے۔انگلینڈ دوسرے روز چائے کے وقفے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے تھے۔الیسٹرکک 75 اور بیئراسٹو ایک رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ راحت علی کو ملی۔اس سے قبل پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 339 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 282 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگ شروع کی تو مصباح الحق کا ساتھ نبھانے سرفراز احمد وکٹ پر پہنچے۔وکٹ کیپر بلے باز نے روایتی انداز میں تیزی سے 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ کرس ووکس نے ایک گیند بعد وہاب ریاض کی وکٹیں بھی بکھیر دیں۔اس موقع پر پاکستان کی تمام تر امیدیں کپتان مصباح سے وابستہ تھیں لیکن اگلے ہی اوور میں وہ بھی آؤٹ ہوگئے ۔ آخری وکٹ پر محمد عامر اور یاسر شاہ نے 23 رنز جوڑے لیکن جلد ہی اسٹورٹ براڈ نے عامر کی مزاحمت کا خاتمہ کر کے پاکستانی ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔پاکستان کی پوری ٹیم 339 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کرس ووکس نے چھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسٹورٹ براڈ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

TOPPOPULARRECENT