Tuesday , March 28 2017
Home / عرب دنیا / یمنی فوج کا المخا کے وسطی علاقوں پر کنٹرول، باغی فرار

یمنی فوج کا المخا کے وسطی علاقوں پر کنٹرول، باغی فرار

الصعدہ میں حکومتی فورسز کی کارروائی میں 26 باغی ہلاک
دبئی۔ 8 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب اتحاد کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یمنی فوج اور اس کی حامی ملیشیا نے ساحلی شہر المخا کے مرکز اور اہم علاقوں سے باغیوں کو نکال باہر کیا ہے۔العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اتحادی فوج کی طرف سے کہا گیا ہے کہ یمنی فوج اور حکومت نواز مزاحمتی فورسز نے مشترکہ کارروائی کے دوران المخا شہر کے وسط سے باغیوں کو باہر نکال دیا ہے۔ وسطی المخا کے کئی اہم شہروں اور شاہراؤں پر حکومتی فورسز کا کنٹرول ہے۔ حکومتی فوج کی پیش قدمی کے بعد علی صالح کے وفادار اور ایران نواز حوثی باغی فرار ہو رہے ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق المخا شہر کے وسطی علاقوں سے باغیوں کو نکالنے کے لیے فوج کی جانب سے بھرپور طاقت کا استعمال کیا گیا۔ اس وقت بھی شہر کے شمالی اور مغربی اطراف میں حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ کی اطلاعات ہیں۔ادھر مغربی یمن کے علاقے الحدیدہ میں الطایف، النخیلہ اور زبید کے مقامات پر عرب اتحادی طیاروں اور اپاچی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔اتحادی فوج نے المخا بندرگاہ، جبل شبکہ، معسکر خالد اور دیگر مقامات پر بھی حوثی باغیوں اور مںحرف سابق صدر علی صالح کے حامی مسلح باغیوں کے مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔
الحدیدہ گورنری کے نواحی علاقے اللحیہ ڈاریکٹوریت، میدی اور سعودی عرب کی سرحد سے متصل حجہ گورنری میں بھی باغیوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی گئی۔
یمن کے عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز صعدہ گورنری اور اس کے اطراف میں البقع، الفرع اور پہاڑی علاقوں میں باغیوں کے خلاف جاری کارروائی کے دوران کم سے کم 26 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ مقتولین میں حوثیوں کا اہم فیلڈ کمانڈر محمد مہدی البرطی بھی شامل ہے۔
یمنی فوج نے جنوب مشرقی تعز میں علی صالح اور حوثی باغیوں کا ایک مشترکہ حملہ بھی پسپا کردیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT