Saturday , August 19 2017
Home / عرب دنیا / یمن میں باغیوں کاحملہ، امارات اور بحرین کے فوجی ہلاک

یمن میں باغیوں کاحملہ، امارات اور بحرین کے فوجی ہلاک

صنعاء۔ 5 سپٹمبر۔(سیاست ڈاٹ کام)  یمن میں ایک اسلحہ ڈپو میں ہونے والے دھماکے سے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے 50 فوجی ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں 45 فوجی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور 5 بحرین کے تھے۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یمن کے شیعہ حوثی باغیوں نے وسطی صوبے معارب میں سعودی قیادت میں اتحادی فوج کے ایک اسلحہ ڈپو پر حملہ کیا جس میں فوجیوں کی ہلاکت ہوئی۔ یو اے ای کے وزیر خارجہ انور قرقاش نے کہا ہے کہ فوجیوں کی ہلاکت اس وقت ہوئی جب باغیوں نے اسلحے کے ایک ڈپو پر حملہ کیا۔انور قرقاش کے مطابق ایسے بزدلانہ حملے ہمیں نہیں روک سکتے۔فوجیوں کی اموات پر متحدہ عرب امارات میں 3 دن کے سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب بحرین کی فوج نے ایک بیان جاری کیا ہے کہ سعودی عرب میں فرائض کی انجام دہی کے دوران 5 فوجیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔بحرین دفاعی فورس کی جانب سے جاری بیان میں فوجیوں کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں البتہ یہ نہیں بتایا گیا کہ ان فوجیوں کی ہلاکت کیسے ہوئی البتہ رپورٹس کے مطابق ان فوجیوں کی ہلاکت بھی اسی دھماکے میں ہوئی۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق مارچ 2015 سے اب تک یمن میں جنگ اور سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی افواج کی فضائی کارروائی میں 4500 افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے جس میں 2110 عام شہری شامل ہیں۔ مارچ 2015 میں سعودی عرب کی کارروائی کا مقصد جلا وطن صدر عبدللہ منصور حادی کی حکومت کو دوبارہ سے بحال کروانا اور باغیوں کا خاتمہ تھا مگر تاحال اس میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔

TOPPOPULARRECENT