Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / یوروپ کپ 2016 ء : جرمنی باہر ، فائنل میں فرانس اور پرتگال کا مقابلہ

یوروپ کپ 2016 ء : جرمنی باہر ، فائنل میں فرانس اور پرتگال کا مقابلہ

مارسیل۔ 8 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) میزبان فرانس، عالمی چیمپیئن جرمنی کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے اپ سیٹ شکست دے کر یورو کپ 2016 کے فائنل میں پہنچ گیا۔ انٹوئنی گریزمین کے 2 گول کی بدولت فرانسیسی ٹیم نے 16 برس بعد میگا ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں رسائی حاصل کی۔ یورو کپ کے فائنل میں فرانس کا مقابلہ 10 جولائی کو کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال سے ہوگا۔ فرانس کے شہر مارسیل میں یورو کپ 2016 کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس نے جرمنی کے خلاف 0-2 سے کامیابی حاصل کی۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جرمن پلیئرز نے کئی بار فرانس کے گول پوسٹ پر گیند کو جال کی راہ دکھانے کی کوشش کی لیکن فرانسیسی گول کیپر نے ان کے تمام عزائم ناکام بنا دیئے۔ پہلے ہاف کے آخری منٹ میں جرمن کھلاڑی شوانسٹیگر کی سنگین غلطی کا خمیازہ ٹیم کو پینلٹی کک سے بھگتنا پڑا۔ دوسری جانب فرانس کے اسٹرائیکر انٹوئنی گریزمین پینلٹی کک کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو گول پوسٹ میں پھینکنے میں کامیاب ہوئے اور ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف میں عالمی چیمپیئن جرمنی نے گول کے خسارے کو کم کرنے کی کوشش کی تاہم 72 ویں منٹ میں گریزمین نے ایک اور گول کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔ جرمن ٹیم میچ کے اختتام تک کوئی گول نہ کرسکی اور فرانس نے 0-2 گول سے فتح حاصل کرکے 16 برس بعد فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔خیال رہے کہ فرانس نے اٹلی کو 1-2 سے ہرا کر یورو کپ 2000 جیتا تھا جبکہ اس سے قبل 1984 میں اسپین کے خلاف 0-2 سے کامیابی حاصل کرکے فائنل اپنے نام کیا تھا۔ فرانس کی ٹیم فیصلہ کن معرکے میں اتوار کو پیرس میں پرتگالی ٹیم سے ٹکرائے گی۔ فرانس کو 2 بار یورو کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ پرتگال کا میگا ایونٹ جیتنے کا خواب ابھی ادھورا ہے۔

TOPPOPULARRECENT