Thursday , September 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / یورو چمپئن شپ کے دوران دہشت گردی کا خطرہ: امریکہ

یورو چمپئن شپ کے دوران دہشت گردی کا خطرہ: امریکہ

واشنگٹن ، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ فرانس میں اگلے ماہ منعقد ہونے والے یورو 2016ء فٹبال چمپئن شپ کو شدت پسندوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کا خطرہ ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق موسم گرما میں بڑے پیمانے پر سیاح یورپ کا رخ کرتے ہیں اور یہ دہشت گردوں کا بڑا ہدف ہو سکتے ہیں۔ فٹبال ٹورنمنٹ 10 جون سے 10 جولائی تک مختلف مقامات پر جاری رہے گا۔ فرانس میں گزشتہ برس کے پیرس حملوں کے بعد سے ہنگامی صورت حال ہے۔ اسٹیڈیم، کنسرٹ ہال اور ریستورانوں پر کئے گئے حملوں میں 130 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ اس کے بعد مارچ میں پڑوسی ملک بلجیم کے برسلز ایئر پورٹ اور میٹرو اسٹیشن پر حملوں میں 32 لوگ مارے گئے۔ دونوں حملوں کی ذمہ داری نام نہاد اسلامک اسٹیٹ نے قبول کی تھی۔ امکان ہے کہ یورو فٹبال ٹورنمنٹ دیکھنے کیلئے دس لاکھ سے زائد شائقین فرانس آئیں گے۔ ٹورنمنٹ میں براعظم کی بہترین قومی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ امریکہ نے اپنے شہریوں کو سفری تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان پر سارے یورپ میں حملوں کا خطرہ ہے۔ یوں تو امریکہ اپنے شہریوں کیلئے معمول کے مطابق سفری تنبیہہ جاری کرتا رہتا ہے لیکن 20 برسوں میں پہلی بار ہے کہ اس نے بالخصوص یورپ کیلئے الرٹ جاری کیا۔ تنبیہہ کے مطابق سیاحتی مقامات، ریستورانوں، کمرشل سنٹرز اور ٹرانسپورٹیشن کو حملوں کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ اس تنبیہہ میں ٹور ڈی سائیکل ریس اور پولینڈ میں کیتھولک چرچس کے یوتھ ڈے کے حوالے سے بھی خبردار کیا گیا جہاں 25 لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے۔ ایک افسر نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ اس تنبیہہ کیلئے کوئی مخصوص خطرہ نہیں بتایا گیا۔

TOPPOPULARRECENT