Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / یورو کپ : فرانس نے آئس لینڈ کی خوشی کا سفر روک دیا

یورو کپ : فرانس نے آئس لینڈ کی خوشی کا سفر روک دیا

پیرس ، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فرانس نے یورو کپ 2016ء کے چوتھے کوارٹر فائنل میں 5-2 سے کامیابی حاصل کرکے آئس لینڈ کا خواب چکنا چور کردیا۔ انگلینڈ کو اَپ سٹ کرنے والی ٹیم آئس لینڈ کا قصہ کوارٹر فائنل میں ختم ہوگیا جبکہ فرانس 7 جولائی کو سیمی فائنل میں عالمی چمپئن جرمنی کے مدمقابل آئے گا۔ فرانس میں جاری ٹورنمنٹ کے آخری کوارٹر فائنل میں جو پیرس کے مشہور فٹبال اسٹیڈیم ’اسٹڈ ڈے فرانس‘ میں کھیلا گیا جہاں اسٹیڈیم کھچا کھچ بھر ہوا تھا، میزبانوں نے آئس لینڈ کے خلاف فاتحانہ آغاز کیا۔ میزبان ٹیم نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف ٹیم پر تابڑ توڑ حملے شروع کردیئے اور میچ کے 12ویں منٹ میں اولیئر جیروڈ نے گول کرکے ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ اس کے 7 منٹ بعد ہی فرانس کے پاؤل پوگبا نے کارنر سے گیند کو ہیڈ کرتے ہوئے گول کردیا اور فرانس کا اسکور 2-0 کردیا۔ فرانس کی جانب سے تیسرا گول دیمیتری پائیٹ نے 42 ویں منٹ میں کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام سے قبل انٹوئنی گرزمین نے بڑی عمدگی سے فرانس کی پوزیشن مستحکم کردی۔ پہلے ہاف میں اسکور 0-4 رہا۔ دوسرے ہاف میں آئس لینڈ کی ٹیم کی جانب سے رایگنر اسگورڈسن نے فرانس کے خلاف جوابی وار کرتے ہوئے 56 ویں منٹ میں پہلا گول کیا۔ تاہم فرانس کی جانب سے اولیور جیروڈ نے پانچواں اور اپنا دوسرا گول کرکے میچ کا اسکور 1-5 کردیا۔ آئس لینڈ کی ٹیم نے حریف ٹیم کی سبقت کو ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی اور 84 ویں منٹ میں جارنسن نے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ تاہم کھیل کے اختتام تک آئس لینڈ کی ٹیم مزید کوئی گول نہ کرسکی۔ ٹورنمنٹ کے آخری 16 میں انگلینڈ کو ناک آؤٹ کرنے والی ٹیم آئس لینڈ اس طرح کوارٹر فائنل میں 2-5 سے شکست کھا کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ فٹبال کے تبصرہ نگاروں نے کہا کہ میچ پہلے ہی ہاف میں ختم ہو گیا تھا لیکن آئس لینڈ کی ٹیم بڑے حوصلے اور جذبے سے کھیلی۔ دوسرے ہاف کے شروع ہوتے ہی آئس لینڈ کی ٹیم نے فرانس پر بھر پور حملہ کیا اور فرانس کو حاصل چار گول کی سبقت کو کم کر کے تین گول کر دیا۔ 2 بار پورپین چمپئن بننے والا فرانس جمعرات کو فیصلہ کن معرکے تک رسائی کیلئے جرمنی کے خلاف میدان سنبھالے گا۔ قبل ازیں چہارشنبہ کو پہلے سیمی فائنل میں کرسٹیانو رونالڈو زیرقیادت پرتگال کا مقابلہ ویلز سے ہوگا۔ فرانس۔ آئس لینڈ کوارٹر فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے اعداد وشمار کے مطابق فرانس اور آئس لینڈ کے درمیان کھیلے گئے11 میچوں میں فرانس کو کسی میچ میں بھی شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور 11 میں سے آٹھ میچوں میں آئس لینڈ ہار چکا تھا۔ آخری دونوں میچوں میں فرانس نے آئس لینڈ کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی تھی۔ اپنی سرزمین پر گزشتہ 16 بڑے میچوں میں فرانس کو کبھی شکست نہیں ہوئی اور ان میں سے 14 میچز اس نے جیتے جبکہ ایک ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا تھا۔ گزشتہ دس بین الاقوامی میچوں میں آئس لینڈ کو صرف ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ویلز کے علاہ آئس لینڈ اس ٹورنمنٹ کی واحد دوسری ٹیم ہے جس نے اپنے ہر میچ میں گول اسکور کیا ہے۔ شاید اسی پس منظر میں تجزیہ نگاروں نے بھی آئس لینڈ سے مثبت توقعات وابستہ کئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT