Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / یورو 2016: مقابلوں کے دوران شراب نوشی ممنوع

یورو 2016: مقابلوں کے دوران شراب نوشی ممنوع

پیرس ، 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) فرانس میں حکام نے یورو فٹبال چمپئن شپ کے میچوں کی میزبانی کرنے والے شہروں کے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ اسٹیڈیمز کے نزدیک اور شائقین کیلئے مختص علاقوں میں شراب نوشی پر پابندی عائد کر دیں۔ فرانسیسی حکام کی جانب سے مارسے میں انگلینڈ اور روس کے درمیان میچ کے بعد شائقین اور پولیس کے درمیان تصادم کے واقعات کے بعد شراب نوشی پر پابندی کی اپیل کی گئی ہے۔ وزیر داخلہ برناڈ کازنو نے کہا ہے کہ ’’میں نے کہا ہے کہ میچ سے پہلے، میچ کے دن اور جس دن شائقین کیلئے مختص مقامات کھلے ہوں وہاں شراب کی فروخت، شراب نوشی اور شراب کی ترسیل کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں‘‘۔ انھوں نے کہا کہ پابندی میں عوامی مقامات بھی شامل ہوں گے اور آف لائسنس شراب خانوں پر اس کا اطلاق ہو گا۔ وزیر داخلہ برناڈ کے مطابق مقامی سینئر حکام شراب خانوں اور کیفے کی بالکونی میں شراب پینے پر پابندی عائد کر سکیں گے کیونکہ وہاں سے خالی بوتلوں کو میزائلز کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ’’مارسے کے واقعات ہمارے لئے ناقابل قبول ہیں، انتظامیہ کیلئے ناقابل قبول ہیں، معاشرے کیلئے ناقابل قبول ہیں اور شائقین فٹبال کیلئے ناقابل قبول ہیں۔‘‘ چہارشنبہ کو روس کا میچ سلواکیہ سے لیل شہر میں ہے جبکہ اس سے 24 میل دور لوس میں انگلینڈ اور ویلز مدمقابل ہوں گے۔ لوس میں پہلے ہی شراب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور حکام نے کہا ہے کہ شائقین کسی بھی قسم کے شدید ردعمل سے اجتناب کریں۔ اس سے پہلے یورپی ممالک کی فٹبال کی نگران تنظیم یوئیفا نے کہا تھا کہ اگر شائقین کی جانب سے مزید تشدد ہوا تو انگلینڈ اور روس کی ٹیموں کو یورو 2016ء سے نااہل قرار دے دیا جا سکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT