Friday , September 22 2017
Home / جرائم و حادثات / یوسف بازار نیاپل میںآتشزدگی کا واقعہ ‘ دو فٹ ویر گودام خاکستر

یوسف بازار نیاپل میںآتشزدگی کا واقعہ ‘ دو فٹ ویر گودام خاکستر

حیدرآباد 8 مئی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے تجارتی علاقہ یوسف بازار (نیاپُل) میں آج صبح مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں دو فٹ ویر گودام جل کر خاکستر ہوگئے۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ فائر انجن عملہ کو آگ پر قابو پانا کافی مشکل ثابت ہوا اور رات تک آگ بجھانے کا کام جاری رہا۔ باور کیا جاتا ہے کہ اِس واقعہ میں ایک کروڑ روپئے سے زائد مالیت کا نقصان ہوا ہے ۔تفصیلات کے بموجب آج صبح 9.15 بجے میرچوک پولیس کو اطلاع ملی کہ چھتہ بازار سے متصل یوسف بازار میں دو منزلہ عمارت سے دھواں نکل رہا ہے اور کچھ ہی دیر میں آگ نے دو فٹ ویر گوداموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ 6 فائر انجنس کو فوری طلب کرلیا گیا اور آگ پر قابو پانے کا کام شروع کیا گیا۔ آتشزدگی کے اِس واقعہ کے بعد یوسف بازار اور اطراف کے علاقوں میں سنسنی پھیل گئی کیونکہ یہ مصروف تجارتی علاقہ ہے ۔ مارکٹ میں مزید کئی فٹ ویر شاپس اور گودام ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ماڈرن ٹریڈنگ کمپنی اور ہیپی ٹریڈنگ کمپنی میں آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا اور آگ پر قابو پانے فائر انجن عملے کو حیدرآباد واٹر ورکس کی جانب سے 15 سے زائد واٹر ٹینکرس مہیا کئے گئے۔ فٹ ویر لیدر اور ربر کے سبب آگ پر قابو پانا مشکل ہوا اور رات تک وقفہ وقفہ سے گوداموں میں آگ لگنے کا سلسلہ جاری رہا۔ اِس واقعہ کے بعد کثیر تعداد میں فائر انجنس، پولیس عملہ، واٹر ٹینکرس علاقہ میں موجود ہونے کے نتیجہ میں چھتہ بازار، نیاپُل اور اطراف میں ٹریفک درہم برہم ہوگئی اور ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کو دوسری طرف موڑ دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ایڈیشنل ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر بابو راؤ اور ایڈیشنل انسپکٹر میرچوک نارائن ریڈی جائے حادثہ پر پہونچ گئے۔ تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ یہ واقعہ شارٹ سرکٹ کے سبب پیش آیا اور موسم گرما اور شدید دھوپ کے سبب آگ شدت اختیار کرگئی۔ فٹ ویر گودام کے مالکین محمد طاہر حسین اور محمد اکرم علی کی شکایت پر میرچوک پولیس نے دو علیحدہ مقدمات درج کرلئے اور شارٹ سرکٹ سے واقعہ پیش آنے کی تصدیق کیلئے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو بھی جائے حادثہ پر طلب کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT