Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / یوم آزادی احکام کی خلاف ورزی پر مدارس کے خلاف کارروائی

یوم آزادی احکام کی خلاف ورزی پر مدارس کے خلاف کارروائی

قومی سلامتی ایکٹ کے تحت بھی مقدمات کا اندراج ممکن ۔ ڈویژنل کمشنر بریلی کا بیان
بریلی ( اترپردیش ) 17 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام )اترپردیش کے بریلی علاقہ میں جن مدرسوں میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی ‘ قومی گیت گانے اور دیگر تقاریب منعقد کرنے کیلئے ریاستی حکومت کے احکام پر عمل آوری نہیں کی گئی ان کے خلاف کارروائی کی جائیگی ‘ ان مدرسوں کے خلاف سخت ترین قومی سلامتی ایکٹ کے تحت بھی کارروائی ہوسکتی ہے ۔ ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ بریلی کے ڈویژنل کمشنر پی وی جگن موہن نے کہا کہ اگر ہم کو شکایت ملتی ہے کہ کسی مدرسہ نے قومی گیت یا پرچم کشائی کے تعلق سے ریاستی حکومت کے احکام کی پابندی نہیں کی ہے تو ہم اس کی تحقیقات کروائیں گے اور سب کو صفائی پیش کرنے کا موقع دینے کے بعد خاطیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت ‘ فوجداری قوانین کے تحت اور دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے جن میں قومی سلامتی قانون بھی شامل رہے گا ۔ قومی سلامتی قانون کے تحت کسی بھی شخص کو ضمانت یا مقدمہ کے بغیر بھی حراست میں رکھا جاسکتا ہے اور حکام کیلئے یہ ضروری نہیں کہ وہ حراست کی وجوہات بھی ظاہر کریں اگر حکام کو یہ یقین ہو کہ مرحوس شخص کسی بھی طرح سے ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہو جن کی وجہ سے ملک یا ریاست کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو یا پھر عوامی نظم کو بھی اس سے خطرہ ہو ۔ جگن موہن نے کہا کہ تمام اقلیتی بہبود عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر ان مدرسوں کی فہرست پیش کریں جہاں قومی ترانے نہیں بجائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام بھی اس معاملہ میں شکایت کرتے ہیں تو ان کی تحقیقات کی جائیں گی ۔ عہدیداروں کے بموجب دینی مدارس کی اکثریت نے سرکاری احکام کی پابندی کی ہے ۔ تاہم کچھ اطلاعات کے بموجب کچھ علما نے ان احکام کی عدم تعمیل کا اعلان کیا تھا اور قومی ترانے کی بجائے سارے جہا سے اچھا ہندوستان ہمارا گیت گایا گیا تھا ۔ سرکاری حلقوں میں تاہم اس کی کوئی توثیق نہیں ہوسکی ہے ۔

ببر خالصہ کا ایک اور کارکن گرفتار
لکھنو 17 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ممنوعہ دہشت گرد تنظیم ببر خالصہ کے ایک مشتبہ کارکن کو یو پی انسداد دہشت گردی دستہ نے اناؤ ضلع میں گرفتا رکرلیا ہے ۔ ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات باتئی ۔ کہا گیا ہے کہ جسونت سنگھ عرف کالا کو کل رات دیر گئے ایک اطلاع پر گرفتار کیا گیا ۔ آئی جی اے ٹی ایس اسیم ارون نے یہ بات بتائی ۔ جسونت کا تعلق پنجاب کے مکتسر سے ہے اور اسے بھلا فارم ہاوز پر دھاوا کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے ۔ پولیس کے بموجب جسونت سنگھ راجستھان اور پنجاب پولیس کو مختلف مقدمات کے سلسلہ میں مطلوب ہے ۔

TOPPOPULARRECENT