Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / یوم آزادی تقاریب بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کلکٹرس کو ہدایت

یوم آزادی تقاریب بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کلکٹرس کو ہدایت

سرکاری اسکیمات کی تشہیر پر بھی توجہ دی جائے ۔ چیف سکریٹری کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد 8 اگسٹ (سیاست نیوز) چیف سکریٹری ایس پی سنگھ نے اضلاع کلکٹرس کو یوم آزادی کی تقاریب بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ شادی مبارک، کلیان لکشمی، مشن بھاگیرتا، ہریتا ہرم بتکماں تہوار کے موقع پر خواتین میں تقسیم کی جانے والی ساڑیوں اراضی ریکارڈ کو باقاعدہ بنانے کا جائزہ لیا۔ آج سکریٹریٹ میں چیف سکریٹری نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں اور ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ایس پی سنگھ نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ 15 اگسٹ کو بڑے پیمانے پر یوم آزادی تقاریب کا اہتمام کریں۔ ریاست کی ترقی، فلاحی اسکیمات کے علاوہ اضلاع کی ترقی کو بھی تقاریر کا حصہ بنانے کا مشورہ دیا۔ بتکماں تہوار کے موقع پر حکومت نے ریاست بھر میں 90 لاکھ ساڑیاں خواتین میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کی خصوصی حکمت عملی تیار کرنے مستحق خواتین کا انتخاب کرنے کے لئے دیہاتوں سے ضلعی سطح تک ٹیمیں تشکیل دینے کا مشورہ دیا۔ ساڑیوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ضلعی سطح پر گودامس کی نشاندہی کرنے 20 ستمبر سے شروع ہونے والے بتکماں تہوار کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی بھی کلکٹرس کو ہدایت دی۔ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات پر خصوصی جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے ان اسکیمات کیلئے جو بھی درخواستیں وصول ہوئی ہیں اس کی متعلقہ تحصیلداروں سے فوری تحقیقات کرانے کا مشورہ دیا۔ چیف سکریٹری نے محکمہ مال سے متعلق اراضی ریکارڈ کا باقاعدہ بنانے کے لئے ایک اور خصوصی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاکہ زمینی حالت کے تناظر میں حقائق پر مبنی ریکارڈ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ مستحق کسانوں تک حکومت کی سبسیڈی پہونچانے اور اضلاع میں نئے بورویلز کھودنے کی منظوری نا دینے پر زور دیا۔ ہریتا ہرم پروگرام کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سکریٹری نے شجرکاری کے بعد پودوں کی نگہداشت اور تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کرنے گرین بریگیڈ کی تشکیل کی بھی کلکٹرس کو ہدایت دی۔

TOPPOPULARRECENT