Tuesday , October 17 2017
Home / دنیا / : یوم آزادی تقریبات : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں موسیقار اے آر رحمن کا دم بخود کردینے والا پروگرام

: یوم آزادی تقریبات : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں موسیقار اے آر رحمن کا دم بخود کردینے والا پروگرام

اقوام متحدہ ۔ 16 اگست (سیاست ڈاٹ  کام) ہندوستان کے آسکر انعام یافتہ موسیقار اے آر رحمن نے اقوام متحدہ کے تاریخی جنرل اسمبلی ہال میں موجود ہزاروں افراد کو اس وقت دم بخود کردیا۔ جب ہندوستان کی یوم آزادی کے موقع پر ترتیب دی گئی ایک تقریب میں کرناٹک موسیقی کی افسانوی شخصیت ایس سبو لکشمی کی موسیقی اور صوفیانہ کلام کے علاوہ فلم ’’سلم ڈاگ ملنیئر‘‘ کے مشہور و معروف گانے ’’جے ہو‘‘ کو انہوں نے اسٹیج پر پیش کیا۔ یاد رہیکہ ہندوستان کی 70 ویں یوم آزادی پوری دنیا میں انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ 49 سالہ اے آر رحمن اس طرح سبولکشمی کے بعد دوسری ہندوستانی شخصیت بن گئے ہیں، جنہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں عالمی مسائل کی یکسوئی کیلئے عالمی قائدین اپنا مدعا پیش کرتے ہیں۔ اس تقریب کا اہتمام اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن کی جانب سے شنکرانتھیرالیہ کے تعاون سے کیا گیا تھا جو ہندوستان کی ایک سیول سوسائٹی تنظیم ہے۔ یہ دراصل اے آر رحمن کی جانب سے سبولکشمی کی 100 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ان کیلئے خراج عقیدت تھا اور ساتھ ہی ساتھ سبولکشمی کے اقوام متحدہ میں پروگرام پیش کرنے کی 50 ویں سالگرہ بھی تھی۔ حاضرین میں سفراء، سفارتی عہدیدار اور ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی، جنہوں نے اے آر رحمان کا زبردست استقبال کیا اور ان کے ٹروپ کے دیگر فنکاروں کو سبولکشمی کی موسیقی پیش کرنے پر زبردست تالیوں کے ساتھ ان کی ستائش کی۔ یہ پروگرام تقریباً تین گھنٹوں تک جاری رہا۔ اے آر رحمن فاؤنڈیشن کی جانب سے سن شائن آرکسٹرا سے تعلق رکھنے والے موسیقی کے کچھ طلباء نے بھی بہترین پروگرام پیش کیا۔ سن شائن آرکسٹرا کے ذریعہ سماج کے پسماندہ طبقات تاہم صلاحیتوں کے حامل نوجوانوں کو موقع دیا جاتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT