Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / یوم اقلیتی بہبود کی سرکاری تقریب میں چیف منسٹر کی عدم شرکت پر شدید اعتراض

یوم اقلیتی بہبود کی سرکاری تقریب میں چیف منسٹر کی عدم شرکت پر شدید اعتراض

مولانا ابوالکلام آزاد کو خراج ، کانگریس رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔ 11 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ  نے یوم اقلیتی بہبود کی سرکاری تقریب میں چیف منسٹر کی عدم شرکت پر شدید اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے پاس مولانا آزاد کو خراج پیش کرنے اور اقلیتوں سے اظہار ہمدردی کیلئے وقت نہیں ہے۔ رویندرا بھارتی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ اس قدر عظیم شخصیت سے موسوم تقریب میں چیف منسٹر کی عدم شرکت مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد کو جب جدوجہد آزادی میں حصہ لینے کی پاداش میں جیل بھیج دیا گیا ۔ اس وقت ان کی اہلیہ شدید بیمار تھیں لیکن مولانا آزاد نے کہا کہ اہلیہ کی علالت سے زیادہ ملک کی آزادی عزیز ہے۔ ایسی عظیم شخصیت کو خراج پیش کرنے کیلئے چیف منسٹر کے پاس وقت کا نہ ہونا افسوسناک ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر میرے اچھے دوست ہیں اور یوتھ کانگریس میں دونوں نے ساتھ کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کے شرکاء چیف منسٹر کو سننے کیلئے آئے تھے کہ وہ اقلیتوں کے بارے میں کیا اعلانات کریں گے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ کے سی آر پر تنقید نہیں کر رہے ہیں ، بلکہ ان کا احترام کرتے ہیں۔ مختلف طبقات کی بھلائی کیلئے حکومت نے جن اسکیمات کا آغاز کیا وہ قابل ستائش ہے۔ تاہم انہیں اس بات پر اعتراض ہے کہ چیف منسٹر اور دیگر وزراء نے تقریب میں شرکت نہیں کی جبکہ ان کے نام دعوت نامے موجود ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی اور مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ ہر تقریب میں شرکت کرتے ہیں تاہم چیف منسٹر کی شرکت اہمیت کی حامل تھی۔ انہیں مولانا آزاد کو خراج پیش کرنے کیلئے آنا چاہئے تھا۔ ہنمنت راؤ کے اس اعتراض کے دوران رویندرا بھارتی میں زبردست تالیاں گونج رہی تھیں اور عوام نے ان کے خیالات کی مکمل تائید کی۔ چیف منسٹر کی عدم شرکت کے بارے میں حکام کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ جو افراد شرکت نہیں کر رہے ہیں، ان کے نام دعوت نامہ میں شامل نہیں کئے جانے چاہئے۔
برقی شٹ ڈاؤن
حیدرآباد ۔ 11 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : اے ڈی ای الیکٹریکل سنٹرل بریک ڈاؤن چارمینار کے بموجب 12 نومبر کو میر عالم اور شیوا رام پلی برقی فیڈرس کی مرمت و درستگی عمل میں آئے گی ۔ جس کے پیش نظر صبح 10 تا 4 بجے دن میر عالم ، علی آباد واٹر ورکس ، جہاں نما ، تیگل کنٹہ ، مصطفی نگر ، دانما جوپڈی ، گڑی کا دواخانہ ، شمشیر گنج ، کالا پتھر ، نواب صاحب کنٹہ ، انجن کالونی ، زو پارک ، حسن نگر ، انصاری روڈ ، امجدالدولہ باغ ، سائنا باغ ، تاڑبن ، مصطفی نگر اور دیگر قریبی علاقوں میں برقی سربراہی مسدود رہے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT