Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / یوم تاسیس تلنگانہ ، سرکاری دفاتر پر قومی پرچم کشائی و عمارتوں کی سجاوٹ

یوم تاسیس تلنگانہ ، سرکاری دفاتر پر قومی پرچم کشائی و عمارتوں کی سجاوٹ

کابینی سب کمیٹی کا اجلاس ، ذمہ داریوں کا جائزہ ، وزراء و چیف سکریٹری کی شرکت
حیدرآباد۔/26مئی، ( سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر ریاست کے تمام سرکاری دفاتر پر قومی پرچم لہرایا جائے گا اور تمام تاریخی اور سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجانے کا فیصلہ کیا گیا۔ یوم تاسیس تلنگانہ کے انتظامات کے سلسلہ میں قائم کردہ کابینی سب کمیٹی کا آج اجلاس منعقد ہوا۔ ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی، جوپلی کرشنا راؤ، چندو لال، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے سکریٹریز اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں یوم تاسیس کے سلسلہ میں تمام محکمہ جات کو دی گئی ذمہ داریوں کی تکمیل کا جائزہ لیا گیا۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ گرام پنچایت سے لے کر ریاستی سطح تک تمام سرکاری دفاتر پر پرچم کشائی انجام دی جائے اور ملازمین میں مٹھائی تقسیم کی جائے۔ اسی طرح محکمہ اسکول ایجوکیشن کو اسکولی طلبہ میں کھانا اور مٹھائی کی تقسیم کی ذمہ داری دی گئی۔ آر ٹی سی کی جانب سے تمام بسوں کو سجایا جائے گا۔ ریاست کی تمام تاریخی اور بڑی عمارتوں کو خوبصورتی سے سجاتے ہوئے جشن کا ماحول پیدا کیا جائے گا۔ تمام پولیس اسٹیشنوں کو سجانے کی ہدایت دی گئی ہے اور محکمہ صحت کی جانب سے سرکاری دواخانوں کے مریضوں میں پھل تقسیم کئے جائیں گے۔ اسٹار ہوٹلوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ 2 جون کو تلنگانہ کے پکوان کریں اور انہیں ڈسکاؤنٹ پر سربراہ کریں۔ پیپلز پلازہ پر شام میں تلنگانہ کے پکوانوں کے اسٹال لگائے جائیں گے۔ کابینی سب کمیٹی کو مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے تیاریوں سے آگاہ کیا۔ وزراء نے تمام محکمہ جات سے مختلف پروگراموں کے انعقاد اور ان کی تیاریوں کے بارے میں استفسارات کئے۔ وزراء نے کہا کہ یوم تاسیس کے سلسلہ میں مواضعات سے حیدرآباد تک ایک روزہ جشن کا اہتمام کیا جانا چاہیئے۔ یوم تاسیس کی سرکاری تقریب پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر منعقد ہوگی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نکلیس روڈ پر طویل ترین قومی پرچم لہرائیں گے۔ شام میں آتشبازی کا خصوصی مظاہرہ پیش کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT