Friday , August 18 2017
Home / اضلاع کی خبریں / یوم تعلیم پروگراموں سے اعلی عہدیداروں کی دوری افسوسناک

یوم تعلیم پروگراموں سے اعلی عہدیداروں کی دوری افسوسناک

نلگنڈہ ۔12 ۔ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے کئی ایک اسکیمات کو روشناس کرواتے ہوئے موثر عمل آوری کررہی ہے اقلیتوں کی پسماندگی کو دور کرنے میں حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ۔ مجاہد آزادی و ملک کے پہلے وزیر تعلیم کی زندگی کو مشعل راہ بناکر طلبہ اپنے مستقبل اور ملک کو درخشاں بناسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ضلع انچارج کلکٹر مسٹر ستیہ نارائنا نے اسٹار گارڈن فنکشن ہال میں منعقدہ یوم تعلیم اور یوم اقلیتی بہبود تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے کے ممکنہ اقدامات کررہی ہے طلبہ و سرپرستوں کو چاہئے کہ وہ اس سے استفادہ کریں۔سی جی ایم بلدی فلور لیڈر مسٹر ممد سلیم نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے کوئی موثر اقدامات نہ کرنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت بجٹ میں مختص کردہ فنڈ کو جاری نہیں کررہی ہے حکومت کی شادی مبارک اسکیم ، تعلیمی وظائف ، بینکوں سے قرضہ کیلئے چند لاکھ روپئے جاری کرتے ہوئے احسان جتارہی ہے ہونا تو یہ چاہئے بجٹ میں مختص کردہ رقم مکمل طور پر خرچ کرے ۔ اقلیتی قائد جناب احمد کلیم نے ملک کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلمانوں کے ساتھ حکمرانوں اور عہدیدار تعصب نظری سے کام لے رہے ہیں ۔ انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے یوم تعلیم اور ریاستی حکومت کی جانب سے یوم اقلیتی بہبود پروگرام میں کوئی ایک عوام منتخبہ نمائندے نے شرکت نہیں کی ۔ ریاستی وزیر سے لیکر ارکان بلدیہ تک کے ناموں کو شہ نشین پر لکھایا گیا لیکن کوئی بھی قائد نے اس پروگرام کو اہمیت نہیں دی بلکہ صرف اقلیتی قائدین نے شرکت کی ۔ اس تقریب کو مہتمم تعلیمات مسٹر وشواناتھ راو ، محکمہ اقلیتی بہبود آفیسر مسٹر سرینواس ، اقلیتی قائدین ڈاکٹر اے اے خان ، سید شفان علی ، رضی الدین ایڈوکیٹس ، بابا ضیاء الدین ، عبدالقادر و دیگر نے مخاطب کیا ۔ تقریب کے اختتام پرضلع کے مختلف مقامات پر خدمات انجام دینے والے تلگو و اردو اخبارات سے وابستہ صحافیوں اور رضاکارانہ تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ تحریری مقابلوں دسویں جماعت پر امتیازی نشانات حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو تہنیت پیش کی گئی اس تقریب میں ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر مسٹر وینکٹ راو ، ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر مسٹر روی نائیک کے عولاہ مختلف محکموں کے عہدیدار اور اقلیتی قائدین شریک تھے ۔

TOPPOPULARRECENT