Tuesday , August 22 2017
Home / ہندوستان / یوم جمہوریہ سے قبل دہلی میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ

یوم جمہوریہ سے قبل دہلی میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ

مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کے اجلاس میں سراغ رسانی اور صیانتی محکموں کے سینئر عہدیدار شریک
نئی دہلی ۔ 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یوم جمہوریہ سے قبل مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے آج دہلی کی صیانتی صورتحال کا دہلی پولیس کے سربراہ اور محکمہ سراغ رسانی و صیانتی محکموں کے دیگر سینئر عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس میں جائزہ لیا۔ ملک کے اعلیٰ سطحی قائدین بشمول صدرجمہوریہ، وزیراعظم اور مرکزی وزراء شاہانہ راج پتھ پر یوم جمہوریہ تقاریب میں شرکت کریں گے جبکہ صدر فرانس فرینکو اولاند مہمان خصوصی ہوں گے۔ دہلی پولیس کمشنر بی ایس بسی اور دیگر عہدیداروں نے راجناتھ سنگھ کو زمین سے فضاء کے صیانتی غلاف کی تفصیلات سے آگاہ کیا جو دہلی میں نصب کیا جائے گا۔ یہ شہر پہلے ہی پٹھان کوٹ دہشت گرد حملہ کے بعد سخت چوکسی کی حالت میں رکھا گیا ہے کیونکہ محکمہ سراغ رسانی کی اطلاعات سے پتہ چلتا تھا کہ کم از کم دو دہشت گرد دہلی میں داخل ہوچکے ہیں۔ مرکزی صیانتی محکموں نے پٹھان کوٹ حملہ سے پہلے ہی اطلاع دی تھی کہ 8 تا 10 دہشت گرد پاکستان سے سرحد پار کرکے ہندوستان میں داخل ہوئے ہیں۔ اسی طرح کی اطلاع حکومت پنجاب کی جانب سے کی گئی تھی جس میں تعداد 15 بتائی گئی تھی۔ ممکن ہیکہ چند دہشت گرد اب بھی حملہ کے موقع کی تلاش میں روپوش ہوں۔ تمام اقدامات بے عیب صیانتی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے کئے جارہے ہیں۔ فوج کی تعیناتی کے علاوہ حکومت فضائی حفاظت کیلئے طیارہ شکن توپیں بھی نصب کررہی ہے۔ دہلی کے کئی علاقوں کو عدم پرواز خطہ قرار دیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT